اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان ووٹ تیری امانت ہے، ہم ضمیر نہیں بیچیں گے، آج عوام کی کچہری میں سرخرو ہوگئے، عمران کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، کچھ ضمیر بکتے ہیں تو کچھ حسین کے انکار کی طرح کھڑے ہو جاتے ہیں۔
اسلام آباد میں ’امربالمروف‘ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے اسلاموفوبیا کا مقدمہ لڑا، عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کی آواز بلند کی، عمران نے کہا تھا سبز پاسپورٹ کی عزت کرائے گا، او آئی سی کانفرنس میں تمہارے پاسپورٹ کی عزت ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بغض عمران کے لیے سب اکٹھے ہوگئے، عمران کو جھکانے کے لیے سب اکٹھے ہوئے، کیا عمران خان کو جھکنے دوگے؟ عمران خان کو پیغام بھیجا گیا تم این این آراو دے دوعدم اعتماد واپس لے لیں گے، کیا ان کو کرسی کی خاطر این آر او دیدیں؟ نوازشریف، فضل الرحمان، زرداری تمہیں این آراو نہیں ملے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام نے کپتان پر اعتماد کا اظہار کر دیا ہے،یہ تو بولی لگاتے ہیں، خرید لیتے ہیں، آصف زرداری تیرے پاس جتنی دولت ہے لے آؤ ایک بھی کارکن نہیں بکے گا، کچھ ضمیر بکتے ہیں تو کچھ حسین کے انکار کی طرح کھڑے ہو جاتے ہیں، آج قوم جاگی ہے تو لٹیروں کی شکست ہوگی، قائداعظم نے قوم کو جگایا تھا تو پاکستان بن گیا تھا۔