اسلام آباد: (دنیا نیوز) 27 مارچ کو اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کے دوران وزیراعظم عمران خان کی طرف سے دکھائے گئے خفیہ خط قومی اسمبلی اجلاس میں پیش کرنے کی تجویز آ گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمراان خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے وفاقی وزیر مونس الٰہی، بی اے پی کی وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران خفیہ خط کے معاملے پر ارکان کو اعتماد میں لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران تجویز سامنے آئی کہ خفیہ خط ان کیمرہ قومی اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائے۔ خط سے متعلق ان کیمرہ اجلاس میں بریفنگ دینے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں خط کے بارے میں سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے، خط پر اسمبلی کا اِن کیمرا اجلاس بھی ہوسکتا ہے۔ وزیر اعظم کو ملنے والے خط کے مندرجات کابینہ کے سامنے رکھے گئے۔
شیخ رشید نے کہا کہ استعفے کا سوال پیدا نہیں ہوتا، عمران خان آخری بال تک لڑیں گے، آج شام وزیراعظم قوم سے خطاب کریں گے۔ کابینہ نے وزیراعظم اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، ممکن ہے اِن کیمرہ اسمبلی میں وزیراعظم یا شاہ محمود قریشی خطاب کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈان لیکس اور میموگیٹ والی اپوزیشن ہے، آخری دن اسمبلی میں شاہ محمود یا عمران خان خطاب کریں گے۔