لاہور: (دنیا نیوز) مقامی ہوٹل میں متحدہ اپوزیشن کے ارکان کی موجودگی پر تحریک انصاف کے کارکن احتجاج کرنے پہنچ گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سپیکر نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا تھا جس کے بعد اپوزیشن ارکان نے ایوان سے باہر جانے سے انکار کردیا تھا تاہم بعد ازاں اپوزیشن نے طے کیا کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب تک ارکان گھر نہیں جائیں گے۔
تحریک انصاف کے کارکن ریلی کی شکل میں ہوٹل کے باہر پہنچے، خواتین کارکن بھی ریلی میں شامل تھیں۔
تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شرم کرو حیا کرو کے نعرے لگائے جارہے ہیں، اپوزیشن ارکان بھی ہوٹل سے باہر آگئے، متحدہ اپوزیشن نے اپنی خواتین ارکان اسمبلی کو کمروں میں بھیج دیا۔
ہوٹل کے اطراف راستے بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، گلبرگ کے علاقے میں ٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔
اس دوران ن لیگ کے رہنما خواجہ عمران نذیر کے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات ہوئے جس کے بعد وہ ساتھی ارکان کو ہوٹل کے اندر لےگئے۔