نئے پاکستان کے سارے لبادے کھولوں گا: عبدالعلیم خان کی للکار

Published On 04 April,2022 05:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق صوبائی وزیر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کسی نے پی ٹی آئی کیلئے مجھ سے آدھی قربانی بھی دی ہوتو دکھائیں۔ نئے پاکستان کے سارے لبادے کھولوں گا،خان صاحب سچے ہیں تومیرے ساتھ بیٹھ کرمقابلہ کریں۔

مکمل پریس کانفرنس دیکھیں

 

 نیوز کانفرنس کے دوران عبد العلیم خان نے کہا کہ 2011ء سے عمران خان کا ساتھ دینا شروع کیا، 2011ء کے بعد کوشش کی تحریک انصاف پر کوئی بوجھ نہ پڑے، 2011ء میں عمران خان،میاں محمود الرشید میرے گھرآئے، مجھے کہا گیا یہ جلسہ آپ نے کروانا ہے۔ اپنے وسائل سے سب کچھ کیا، جہانگیر ترین نے بھی اس حوالے سے بہت مدد کی۔ 2018ء میں ایم پی اے کی سیٹ جیتا۔ 2007ء سے لیکر 2018ء تک ایم پی اے، وزیر نہیں تھا، خان صاحب اگر آپ نے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنانا تھا تو مجھے نیب میں بھیجنے کی کیا ضرورت تھی؟

 انہوں نے کہا کہ 2018ء تک عمران خان کا نئے پاکستان کے لیے ساتھ دیا، کسی پر احسان نہیں کیا نئے پاکستان میں اپنا حصہ ڈالا، لاہور شہر میں میرا کاروبار تھا پھر بھی حکومت کے خلاف کھڑا ہوا، لاہور شہر میں کسی کاروباری آدمی کے لیے حکومت کی مخالفت کرنا آسان نہیں، دھرنے کے دوران 126 دن اسلام آباد رہا، ڈیزل ڈلوانے، کھانا خود پہنچاتا رہا، آج لوگوں سے سنتا ہوں علیم خان نے غداری کی؟ ان سے پوچھتا ہوں کسی نے مجھ سے آدھی بھی قربانی دی تواس کا نام بتادیں؟۔

عبد العلیم خان نے کہا کہاگر خان صاحب سچے ہیں تو میرے ساتھ بیٹھ کر مقابلہ کریں، اگر میرا جھوٹا ہوا تو سب کے سامنے اپنے آپ کو گولی ماروں گا؟ بات کرتے ہو نئے پاکستان کی؟ عثمان بزدار کے دور میں 3، 3 کروڑ لیکر ڈی سی لگتے تھے، سی ایم سیکرٹریٹ میں پیسہ دیئے بغیر کوئی تبادلہ نہیں ہوتا تھا۔ چوتھی دفعہ نیب کے دفتر گیا تو ٹی وی سے پتا چلا عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنا دیا گیا، عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد 6 ماہ تک مجھے کوئی نوٹس نہیں آیا، نئے پاکستان کے سارے لبادے کھولوں گا، عمران خان سے کہتا ہوں جو کرپشن میں نے کی وہ قوم کے سامنے لائیں، اگر میرے پاس اتنے ثبوت تھے تو آج تک میرے خلاف ریفرنس کیوں نہیں بنا؟ اگر کوئی شواہد ہیں تو قوم کے سامنے لائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر خان صاحب سچے ہیں تو میرے ساتھ بیٹھ کر مقابلہ کریں، اگر میرا جھوٹا ہوا تو سب کے سامنے اپنے آپ کو گولی ماروں گا؟ بات کرتے ہو نئے پاکستان کی؟ 183ممبران میں سے پی ٹی آئی میں کوئی قابل بندہ نظرنہیں آیا، پرویزالہیٰ سے صرف پانچ ووٹ لینے کے لیے فیصلہ کیا گیا، سب سے بڑا ڈاکو پرویزالہی کو کس نے کہا تھا؟ اور ہمیں غدار کہا جا رہا ہے، پرویزالہیٰ کو اگر وزیراعلیٰ بنانا تھا تو 26 سال جدوجہد کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ شجاعت حسین کے بیٹے کو اپوزیشن کے ساتھ کھڑا ہونے پر سلام پیش کرتا ہوں، ہم تو غدار بن گئے ہمت کریں کہیں (ق) لیگ والوں کے نام لیں، مونس الہیٰ نے بولیاں لگا کر بازار لگایا ہوا ہے، نیا پاکستان اب پرویزالہی بنائیں گے افسوس ہوتا ہے۔

 پی ٹی آئی کے منحرف رہنما کا مزید کہنا تھا کہ علیم خان کا مستقبل جو میرے اللہ کو منظورہوا وہی ہو گا، عثمان بزدار کے بارے میں عمران خان کو بتایا لیکن کچھ نہیں ہوا، عمران کے ترجمان ایسے ہیں جن کی ہم نے شکلیں بھی نہیں دیکھی تھیں۔ دکھ ہے جس شخص کے لیے 10 سال لگائے وہ اس قوم کے ساتھ مخلص نہیں ہے، جب 4 بیوروکریٹس پکڑے جائیں گے تو ساری کرتوت کا پتا چل جائے گا۔ جتنی باتیں کیں حلفاً کی مجھے جھوٹا ثابت کیا جائے، خان صاحب کی فیملی کا نام نہیں لینا چاہتا۔مجھے پکڑ کر جیل میں ڈال دیں صرف بزدار کے خلاف ہوں۔ میرا اگلا سیاسی لائحہ عمل کیا ہوگا یا نہیں ہوگا وقت بتائے گا، عثمان بزدار کے بارے میں صرف میں نے نہیں پارٹی کے اور لوگوں نے بھی شکایات کی تھیں، خان صاحب حکمران بنے تو سچے دوستوں کوبھول گئے۔

Advertisement