اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کل آئین پر حملہ کر کے آئین کوتوڑا گیا، 197ممبران کوغدارکہا، جب نظر آگیا اقتدار ختم ہونے والا ہے تو بیرون ملک سازش یاد آگئی، فواد چودھری نے کہا بیرون ملک سازش کو نیشنل سکیورٹی نے انڈوز کیا، نیشنل سکیورٹی کے منٹس کو سامنے لایا جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 197ممبران کوغدار کہا گیا، مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگا کر ملک کو لوٹا گیا، فارن فنڈنگ کے تحت سازش اور کشمیر فروشی کی، ساڑھے تین سال بعد عوام نے ایک کروڑ نوکریوں کے سوال کیے تو امربالمعروف کا نعرہ لگاتے ہو، جب تمہیں نظر آگیا اقتدار ختم ہونے والا ہے تو بیرون ملک سازش یاد آگئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تم نے عوام کو پاگل سمجھ رکھا ہے جو کہو گے عوام مان لے گی،جو سازش کرتے ہیں کیا وہ سفیر کو بلا کر کرتے ہیں؟ 8 مارچ کو سکیورٹی کونسل کی میٹنگ کیوں نہیں بلائی گئی؟ جب عدم اعتماد تحریک جمع کرائی تو تم نے کہا بڑا فائدہ ہو گیا ہے، تمہارے کارٹیل کی چوری کی وجہ سے تمہارے ایم این ایز نے چھوڑا، تم کہتے ہوبیرون ملک سازش ہوگئی؟ جب اتحادی چھوڑ گئے تب یاد آیا سازش تھی، اگرعالمی سازش تھی تو آپ نے تو اپنی حکومت خود ختم کر کے عالمی سازش کو پورا کیا، تم چاہو گے تو الیکشن ہوگا کیوں؟ الیکشن تب ہوگا جب ہم چاہیں گے، آج احتجاج اورکل جشن کی کال دے رہا ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ آخری گیند تک کھیلنے والا وکٹیں لیکر بھاگ گیا، عوام تم جیسے دھوکے باز کے نعرے میں نہیں آئے گی، بیرونی سازش، جعلی خط کا ڈھونگ رچا رہے ہو، تم خود داری کے لیکچر دیتے ہو؟ خودداری یہ نہیں ہوتی کہ ووٹنگ نہ کراؤ، 22 کروڑعوام سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہے ہیں، اگر کوئی الیکشن چاہتا ہے تو (ن) لیگ چاہتی ہے، اگر کوئی الیکشن نہیں چاہتا تو وہ عمران خان ہے، پی ٹی وی عمران خان کے ذاتی ملازم نہ بنیں، عمران خان آج بھی اختیارات کو استعمال کر رہے ہیں، نیشنل سکیورٹی کونسل کی پانچ بجے میٹنگ تھی اور اسی دن پارلیمنٹ کا اجلاس تھا، نیشنل سکیورٹی کونسل میٹنگ کے منٹس کو پبلک کیا جائے۔