عمران خان آپ نے ثابت کیا آپ چھوٹے سے آمر کے سوا کچھ نہیں: بلاول بھٹو

Published On 03 April,2022 08:50 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کا اقدام غیر آئینی ہے، پاکستان کا آئین توڑا گیا جس کی سزا واضح ہے، تحریک عدم اعتماد جمع ہو تو وزیراعظم اسمبلیاں نہیں توڑ سکتے،عمران خان کو جمہوری ہتھیار سے ہٹانا چاہتے ہیں، دھمکی آمیز خط محض شوشہ، غیر جمہوری اقدام کوئی سرپرائز نہیں ہوتا، آپ نے ثابت کیا آپ چھوٹے سے آمر کے سوا کچھ نہیں ہو۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ غیرجمہوری،غیرآئینی قدم اٹھانا کوئی سرپرائز نہیں ہے، ہم عمران خان کو جمہوری ہتھیارسے ہٹانا چاہتے ہیں، اپوزیشن نے توبہت پہلے اپنی تحریک کا اعلان کردیا تھا، اسپیکر ہو یا کوئی اور آئین نہیں توڑ سکتے، اگر کوئی آئین توڑے گا تو سپریم کورٹ مداخلت کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہا کہ عمران خان بال ٹمپرنگ کر کے کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ آئین کے خلاف ہے، اگر کوئی شخص آئین کے مطابق نہیں چلے گا توعدالت سے ہی رجوع کیا جاتا ہے، سپریم کورٹ کے اس حوالے سے بہت سے فیصلے موجود ہیں، اسپیکر کے خلاف بھی عدم اعتماد موجود تھی، آئین پرعمل کرانا اور تحفظ کرنا سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے، سپریم کورٹ سے امید ہے ملک کو آئینی بحران سے نکالا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کے ’کو‘ کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہمارا مطالبہ جائز اور شفاف الیکشن ہیں۔

بعدازاں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی بغاوت کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، قبل از وقت انتخابات آپ کا نہیں بلکہ ہمارا مطالبہ تھے، عدم اعتماد، انتخابی اصلاحات، قبل از وقت صاف و شفاف انتخابات ہمارے دیرینہ اہداف تھے، جب وزیراعظم اور اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد زیرالتواء ہو تو آپ اسمبلیاں تحلیل نہیں کرسکتے، تحریک عدم اعتماد زیرالتواء ہونے کی صورت میں اسپیکر بھی ووٹنگ کے بغیر سیشن کو ختم نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان آج آپ نے ثابت کیا کہ سوائے ایک چھوٹے سے آمر کے آپ کچھ نہیں ہو، جس کی انا دستور کے سامنے زیادہ اہم ہے، ہم نے ثابت کیا کہ اپنے ووٹوں سے عمران خان کو پارلیمنٹ سے باہر کرنے کیلئے تیار ہیں، اپنے ووٹوں کی طاقت سے ہم آپ کو الیکشن میں بھی شکست دیں گے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان سے سوال کیا کہ تحریک عدم اعتماد، قبل از وقت انتخابات اور انتخابی اصلاحات بیرونی سازش تھی؟ آپ نے کیوں قبل از وقت انتخابات کا اعلان کرکے غیرآئینی طور پر پارلیمان کو تحلیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اس سازش پر عمل درآمد کیا؟۔
 

Advertisement