منحرف اراکین کیخلاف کارروائی کیلئے لیگل ٹیم کو ہدایات جاری کردی ہیں: وزیراعظم

Published On 03 April,2022 05:12 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منحرف اراکین کی سیاست ختم ہو چکی ہے، ان کے خلاف کارروائی کے لیے اپنی لیگل ٹیم کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پانچ ہفتوں کے اندر پاکستان بدل گیا ہے، ایکدم ساری قوم نظریئے کے اوپر کھڑی ہوگئی ہے، آج کوئی پیاز، ٹماٹر کے حوالے سے بات نہیں کر رہا، شہبازشریف، زرداری وغیرہ نے اپنے پیسوں کے لیے ظلم کیا، اللہ نے ان کے منہ سے ہی سب کچھ نکلوا دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہا کہ ایک طرف باہر سے مداخلت ہو رہی ہے، دوسری طرف یہ کہتے ہیں ان کے جوتے پالش نہ کریں وجود ہی ختم ہوجائے گا، قوم اب لوٹ مار کرنے والوں کو برداشت نہیں کرے گی، پہلے تین سالوں میں اتنے مسائل تھے سیاست کا وقت نہیں ملا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات سے دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہیے، ایسے حالات آپ کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بناتے ہیں، اوورسیز پاکستانی موجودہ حالات سے زیادہ دلبرداشتہ تھے، ادھر ادھر کھیلنے والوں نے اپنا نقصان خود کیا، ان حالات میں بہتر چیز الیکشن ہی ہیں۔

حکومتی ناکامی کا رونے والی اپوزیشن کو الیکشن کا خوف کیوں ہے؟

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جمہوری لوگ حمایت کیلئے عوام کے پاس جاتے ہیں، حکومتی ناکامی کا رونے والی اپوزیشن کو الیکشن کا خوف کیوں ہے؟۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ عام انتخابات کے ہمارے اعلان پر پی ڈی ایم کے ردِعمل پر حیران ہوں، اِنہوں نے تو آسمان سر پر اٹھا رکھا تھا کہ ہماری حکومت ناکام ہوگئی ہے، اب انتخابات سے خوفزدہ کیوں ہیں؟ جمہوری لوگ تو تائید و حمایت کیلئے ہمیشہ عوام ہی سے رجوع کرتے ہیں۔

عمران خان نے مزید لکھا کہ پی ڈی ایم کے لیے بہتر ہے کہ غیر ملکی سازش کا حصہ بننے کے بجائے انتخابات قبول کرلے، وفاداریوں کی کھلم کھلا خریداری قوم کی اخلاقی اقدار تباہ کر رہی ہے۔

ابھی تک اپوزیشن کو سمجھ نہیں آرہی ہوا کیا ہے

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل رات اگر سب کو بتا دیتا تو اپوزیشن آج صدمے میں نہ ہوتی، ابھی تک اپوزیشن کو سمجھ نہیں آ رہی ہوا کیا ہے کل شام کو اراکین اسمبلی سے کہا تھا ’گھبرانا نہیں‘،ابھی تک اپوزیشن کوسمجھ نہیں آرہی ہوا کیا ہے، بیرون ملک سے حکومت تبدیلی کی سازش کی گئی، نیشنل سیکیورٹی کونسل کو بیرونی سازش سے تفصیل سے آگاہ کر دیا تھا، نیشنل سکیورٹی کونسل نے واضح کہہ دیا عدم اعتماد میں بیرونی مداخلت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب قومی سلامتی کمیٹی نے کنفرم کر دیا تو عدم اعتماد غیر متعقلہ تھی، بیرونی طاقتیں کسی آزاد ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتیں، نیشنل سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں آرمی چیف سمیت تمام سروسز چیف موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کے منٹس جاری کیے گئے، یہ ایک باہرسے پلان کیا گیا تھا، کمیٹی نے واضح طور پر کہا خط میں بیرونی سازش ہے، اپوزیشن کو سمجھ نہیں آرہی ان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔
 

Advertisement