قانون کے مطابق عمران خان اب 15 روز تک وزیراعظم رہیں گے: شیخ رشید

Published On 03 April,2022 04:08 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق عمران خان اب 15 روز تک وزیراعظم رہیں گے، اپوزیشن نے عمران خان کو مقبول لیڈر بنا دیا ہے، 3 تجاویز میں بڑوں کی بھی رائے شامل تھی، ایمرجنسی لگانے کی تجویز دی تھی، اپوزیشن اپنی سیاسی موت مر گئی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نئے الیکشن کے لئے 2 ماہ سے کہہ رہا تھا، سوچ بچار کے بعد نئے انتخابات کا راستہ اپنایا جائے، میں نے اپنا دفتر چھوڑ دیا ہے، بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوچ بچارکے بعد نئے انتخاب کا راستہ اپنایا جائے، پہلے لوگ ہمیں خانہ پری کے لیے سلام آج محبت کا اظہار کر رہے ہیں، جیلوں میں کئی دفعہ ایسے ہوتا ہے جب سپرنٹنڈنٹ جیل سے چلا جائے تو قیدی بھی ایازصادق کی طرح کرسیوں پر بیٹھ جاتے ہیں، مجھے اندازہ ہے مریم بی بی پر کیا گزر رہی ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہوگا سر آنکھوں پر ہوگا، جن لوگوں نے بیس، بیس کروڑ کھایا ان کے چہرے سیاہ ہوجائیں گے، چیری بلاسم والے اب میدان میں آئیں، عمران خان دوتہائی اکثریت سے کامیاب ہوں گے، روز سلیکٹڈ کا طعنہ دینے والے اب الیکشن میں مقابلہ کریں، آصف زرداری کے سوا کسی کو نئے الیکشن پر اعتراض نہیں تھا۔

شیخ رشید نے کہا کہ بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ہے، بھارت کا خیال تھا ان کے بزنس پارٹنر اقتدار میں آجائیں گے، سب سے زیادہ مایوسی کی لہر بھارت اور سب سے زیادہ خوشی پاکستان میں ہے، میری خواہش ہے صوبوں میں بھی اسمبلیاں توڑ دی جائیں۔

قبل ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جلد نگران سیٹ اپ آ جائے گا، الیکشن شفاف ہوں گے۔

شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو تین دن سے چل رہا تھا کہ انتخابات واحد حل ہیں، یہ الیکٹڈ اور سیلیکٹد کا طعنہ دیتے تھے، اب ان کی اچکنیں نیکروں میں بدل گئی ہیں۔ یہ عوام میں جائیں اور مقابلہ کریں۔ ہمارے شہر میں تو پچھلے چار دن سے الیکشن مہم جاری ہے، حالیہ صورتحال سے متعلق عوام اور اسٹیبلشمنٹ کو اشاروں کنایوں میں کہہ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جلد نگران سیٹ اپ آ جائے گا، الیکشن مشینوں کے بغیر ہونگے۔

شیخ رشید نے اوورسیز پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہ عمران خان کو دو تہائی اکثریت دینے کے لیے تیار ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جس بھی عدالت میں جائے، سپریم کورٹ سپیکر کے خلاف نہیں جائے گی۔

Advertisement