اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ قبل از وقت نہیں بلکہ شفاف الیکشن تھا، آئین شکن ٹولے نے قبضہ کر لیا ہے، عمران نیازی نے آئین شکنی کی اور ڈپٹی اسپیکر نے وزیر کی بات کو من وعن مان کر تحریک عدم اعتماد کو مسترد کر دیا۔
دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے جمہوریت کے پودے کو کچلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، آج عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونا تھی، وزیر نے آرٹیکل 5 کا حوالہ دے کرغیر آئینی اقدام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی نے انارکی پھیلانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی، حکومت کی بدنیتی واضح تھی، شخصی اقتدار کو طول دینے کے لیے آئین پر حملہ کیا گیا، کرپٹ، نالائق وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد تھا، آئین و قانون میں ووٹنگ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا، وزیراعظم کرپٹ اور پاگل ہو تو اس کو آئینی طریقے سے نکالنے کا راستہ موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فاشسٹ وزیراعظم نے کبھی میرے کسی خط کا جواب نہیں دیا، جب فاشسٹ وزیراعظم الیکشن کے حوالے سے خط لکھے گا تو مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا، عدالت کا جو بھی فیصلہ ہوگا قبول کریں گے، فیصلے پر اتفاق ہو یا نہ ہو، عدالت کے فیصلے کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔