خط پر نیشنل سکیورٹی کمیٹی کےعسکری ممبران پوزیشن واضح کریں: زرداری

Published On 04 April,2022 09:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اس دفعہ مبینہ خط کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس خط کے بارے میں نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے ممبران یہ کہہ چکے ہیں کہ اس میں بیرونی سازش کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر دن سکیورٹی کونسل کے عسکری ممبران کے بارے میں کہتا ہے کہ وہ میری طرف سے مطمئن ہوگئے تھے لہٰذا جو اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے سکیورٹی کے عسکری ممبران تھے وہ اس کی وضاحت کریں اور اپنی پوزیشن واضح کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ معاملہ عمران خان یا متحدہ اپوزیشن کا نہیں ہے، اب معاملہ پاکستان کا ہے لہذا اس طرح کے حساس نوعیت کے معاملات میں تاخیر بھی ملک کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے، نہ ہی یہ معاملہ تحریک عدم اعتماد کا رہا ہے ، یہ معاملہ اب ملکی سلامتی کا ہے۔

سکھر میں خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد کی نتیجے میں عمران خان کی حکومت ختم ہوئی، جیالوں کی محنت کی وجہ سے عمارن خان کی حکومت ختم ہوگئی، ہم جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں، عمران خان کو اندازہ ہی نہیں اس کے ساتھ کیا ہوا ہے، حکومت جانے پر عمران خان جشن منا رہا ہے، جب پہلے دن عمران خان کو سلیکٹڈ کہا تو وہ تالیاں بجا رہاتھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں معاشی بحران پیدا کیا، غربت اور بیروزگاری میں تاریخی اضافہ کیا، عمران خان عوام کے پانی،گیس بجلی کے حق پر ڈاکہ مارتا رہا، 2018کے الیکشن میں پاکستان کے ہر ادارے کو نقصان پہنچایا گیا، عمران خان کی وجہ سے ہم کسی ادارے کو متنازعہ نہیں دیکھنا چاہتے،

پی پی چیئر مین کاکہنا تھا کہ ہم عمران کی طرح بھاگنے والے نہیں ہر مقابلے کیلئیے تیار ہیں، ہم کسی بھی وقت الیکشن کیلئے تیار ہیں، پارلیمان کو غیر آئینی طریقے سے روکا گیا، ہم اس کو آئین اور پاکستان کی جمہوریت سے کھیلنے نہیں دینگے، آئین بھٹو کی امانت ہے اس کو برداشت نہیں کرینگے، بزدل نےبھاگتے بھاگتے آئین توڑ دیا، عمران خان اتنا بزدل ہے میدان چھوڑ کر بھاگ گیا۔
 

Advertisement