لاہور( لیاقت انصاری سے) متحدہ اپوزیشن نے سپیکر چودھری پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے۔
سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کروانے اپوزیشن کے اراکین اسمبلی سمیع اللہ، طاہر خلیل سندھو، پیر اشرف رسول، خواجہ سلمان رفیق، مرزا جاوید اور میاں عبدالرؤف اسمبلی پہنچے، اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی کے سپیشل سیکرٹری چودھری عامر حبیب کو جمع کروائی۔
عدم اعتماد کی تحریک جمع کرانے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی خلیل طاہر سندھو کا کہنا تھا کہ کل بھی ہم عدم اعتماد کی تحریک جمع کروانے آئے تو ہمارے ساتھ برا سلوک ہوا، آج کے بعد اسمبلی کا تمام سٹاف سپیکر کا کوئی حکم ماننے کا پابند نہیں، پرویزالٰہی نے وزیر اعلیٰ نہیں بننا۔
خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کی تحریک جمع کروا دی ہے، پرویزالٰہی عمران خان کی ایماء پر غیر آئینی کام کر رہے ہیں، پنجاب حکومت کے خلاف آئینی رٹ دائر کر رہے ہیں۔
سمیع اللہ خان کا کہنا تھا کہ اس عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے پرویز الٰہی کی چالیس سالہ سیاست میں آخری کیل ٹھونک رہے ہیں، ق لیگ اپنے گھر میں بھی تقسم ہو گئی ہے،عدم اعتماد کی تحریک کے بعد پرویز الٰہی کا وزیراعلیٰ بننے کا صرف خواب رہے گا۔
خلیل طاہر سندھو نے بتایا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی عدم موجودگی میں پینل آف چیئرمین اجلاس کی صدارت کریں گے، اس وقت چار پینل آف چیئرمین موجود ہیں۔