الیکشن کمیشن انتخابات نہ کرا کر آئین کی خلاف ورزی کر رہا : فواد چودھری

Published On 07 April,2022 08:07 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات نہ کرا کر آئین کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس کوئی جواز نہیں ہے، الیکشن کمیشن انتخابات نہ کرانے کا کہہ کر اپنے خلاف سنگین ایجنڈا کھڑا کر رہا ہے، ملک آئین اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر چلتا ہے، ملک مولانا کے فیصلوں پر نہیں چلتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جوبھی فیصلہ آئے آخر میں الیکشن ہی ہونا ہے، سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آیا قبول کرینگے، الیکشن ہی ہر مسئلے کا حل ہے، جو جماعتیں الیکشن سے بھاگ رہی ہیں وہ کوئی اور کام کریں، ہم فضل الرحمان نہیں اور نہ ہی ہمارے پاس انصار اسلام فورس ہے۔

 قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو اپنے مؤقف پرنظرثانی کرنی چاہئے،90 دن سے زیادہ الیکشن کو آگے لےجانے کی کوشش آئین کی سنگین خلاف ورزی ہو گی، ملکی معیشت سات ماہ کی سیاسی افراتفری برداشت ہی نہیں کر سکتی، پاکستان کو سری لنکا نہیں بننے دے سکتے، جلد از جلد سیاسی استحکام کیلئے الیکشن نوے دن کے اندر لازم ہیں۔

 

Advertisement