اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے والے ارکان کو آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹس دینے پر اتفاق کیا ہے۔ منحرف ارکان کے حلقوں میں جلسوں کا اعلان کر دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران پی ٹی آئی نے 135 سے زائد حلقوں میں امیدوار تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے والے ارکان کو آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹس نہ دینے پر اتفاق کیا ہے اور منحرف ارکان کے حلقوں میں متبادل امیدواروں کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران آئندہ انتخابات میں انتخابی اتحاد سے متعلق بھی غورکیاگیا، پارلیمانی بورڈ کے بعض ممبران نے انتخابی اتحاد کرنے کی تجویز دی جبکہ بعض ممبران نے انتخابات میں کسی سے بھی اتحاد نہ کرنے کا مشورہ دیا اور انتخابی اتحاد سے متعلق فیصلے پر مزید مشاورت پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا تمام انتخابی حلقوں میں امیدوار نامزد کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم پر مشاورت کی۔
ذرائع کے مطابق عوامی رابطہ مہم میں منحرف ارکان کے حلقوں میں جلسے کیے جائیں گے، عمران خان منحرف ارکان کے حلقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔