لاہور: (دنیا نیوز) 26 فروری کو لندن روانہ ہونے والے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنما جہانگیر ترین نے وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا۔
جہانگیر ترین کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین کو ذاتی معالجین نے پاکستان سفر کی اجازت دے دی۔ جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین اور دیگر اہلخانہ بھی ہمراہ واپس آئیں گے۔ ان کی اگلے ہفتے پاکستان واپسی کا قوی امکان ہے۔
قریبی ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین فروری کے آخر میں طبیعت کی خرابی کی وجہ سے برطانیہ علاج کیلئے منتقل ہو گئے تھے، ترین پاکستان واپس آکر باقاعدہ گروپ کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ جہانگیر ترین کی کینسر کے پرانے مرض کی وجہ سے دوبارہ طبیعت خراب ہوئی۔ تھی جس کے باعث وہ علاج کے لیے برطانیہ روانہ ہوئے تھے، اس دوران انہوں نے اپنے پارٹی رہنماؤں کو متحد رہنے کی تلقین کی تھی۔
ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی گہما گہمی کے باعث ترین گروپ نے پنجاب میں حکومت کی طرف سے نامزد کردہ وزیراعلیٰ کو ووٹ دینے کی بجائے متحدہ اپوزیشن کے رہنما حمزہ شہباز کو ووٹ دینے کااعلان کیا ہوا ہے۔