پی پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، زرداری، بلاول کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار

Published On 05 April,2022 07:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس زرداری ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں ملک بھر سے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور تحریک عدم اعتماد سے حکومتی فرار کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی غیرقانونی رولنگ اور حکومت کی جانب سے اپوزیشن پر سنگین الزامات پر بھی گفتگو کی گئی۔