لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ نہ دینے پر سزا بھگتنا پڑی۔ ضمیر فروشوں کوتاحیات نااہل کرائیں گے۔ لاہور میں ان غداروں کیخلاف ہر روز احتجاج ہونا چاہیے، چاہتے ہیں ہر روز احتجاج سے امریکا کو پیغام جائے ہم زندہ قوم ہیں۔
گورنر ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ سب کو الیکشن کی تیاری کرنی ہے، اگلے تین ماہ میں پاکستان میں الیکشن ہو گا۔ ہمارے سے ماضی میں غلطیاں ہوئیں، اس کی ہمیں بہت بڑی سزااٹھانا پڑی، اس بار سوچ سمجھ کر نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے، ہم نے بڑے سوچ سمجھ کر ٹکٹیں دینے ہیں۔ جو مشکل وقت ہمارے ساتھ رہے انہیں ٹکٹ دیں گے۔ پاکستان میں بہت بڑی بیرونی سازش ہوئی، ملک کے غدار ان کے ساتھ مل گئے، باہر سے حکومت گرانے کی سازش ہوئی، زیادہ تر لوگوں کو جنہوں نے ان کا ساتھ دیا ان کو علم نہیں تھا سازش تھا۔
LIVE #APPNews : Prime Minister @ImranKhanPTI addressing ceremony Governor House #Lahore https://t.co/EpBprWW5X9
— APP (@appcsocialmedia) April 5, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں ان لوگوں کو سبق سکھائیں گے، جو بیرونی سازش کا حصہ تھے۔ عوام بیرونی سازش کےخلاف روز مظاہرہ کریں گے، جنہوں نے بیرونی سازش میں شرکت کی وہ سب غدار ہیں، غداروں کے خلاف سپریم کورٹ میں گئے ہیں، لوگوں کو خرید کرحکومت گرانا کونسی جمہوریت ہے، ضمیرفروشوں کے خلاف عدالت میں جائیں گے، ضمیر فروشوں کوتاحیات نااہل کرائیں گے۔ یہ کب تک جمہوریت کا سودا کرتے رہیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ضمیرخرید کو ارکان کو ہوٹل میں بند کیا ہوا ہے۔ جن کا پیسا باہر پڑا ہے وہ غلامی کریں گے، ہم نہیں۔ یہ صرف الیکشن نہیں ہاریں گے بلکہ ان کی سیاسی قبریں بھی بنیں گی۔ جو بیرونی سازش کا حصہ بنیں عوام ان کو سبق سکھائیں گے۔ آج غداری کے خلاف کھڑے نہیں ہوں گے ہماری نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ پرامن احتجاج کرنا قوم کا فرض ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کا فیصلہ کن وقت ہے، پرامن احتجاج سے پیغام جائےگا یہ زندہ قوم ہے، کل اسلام آباد میں زبردست احتجاج ہوا، آج پھر ایف نائن میں احتجاج ہوگا، قوم پرامن احتجاج سے اس سازش کو ناکام بنائیں۔ لاہور میں ان غداروں کیخلاف ہر روز احتجاج ہونا چاہیے، چاہتے ہیں کہ ہر روز احتجاج سے امریکا کو پیغام جائے کہ یہ زندہ قوم ہے۔
وزیر اعظم سے گورنر پنجاب اور عثمان بزدار کی ملاقات
وزیراعظم عمران خان سے گورنر پنجاب عمر چیمہ اور عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب اور سیاسی جوڑ توڑ پر گفتگو کی گئی۔ وزیر اعظم سے ملاقات میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیخ رشید اور پرویز خٹک بھی موجود تھے۔
شفقت محمود، فواد چودھری اور حماد اظہر بھی مشاورت میں شریک تھے۔ پاکستان مسلم لیگ ق کے مونس الہٰی اورحسین الہٰی بھی ملاقات میں شریک تھے، وزیراعظم کو نمبرگیم سے متعلق بھی بریف کیا گیا۔
وزیر اعظم سے پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کی ملاقات
وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے، جہاں ان سے مسلم لیگ ق کی قیادت نے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان سے پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صوتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کی الیکشن کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پارلیمانی بورڈ تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔۔ مرکزی پارلیمانی بورڈ ٹکٹوں سے متعلق پالیسی تشکیل دے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کی تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پارلیمانی بورڈ تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جلد از جلد امیدواروں اور ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق پالیسی بنائی جائے۔امیدواروں کی سکروٹنی سخت کی جائے گی۔ پارٹی کے ساتھ مخلص افراد کو ہی ٹکٹس دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن میدان سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہی،تمام انرجی امیدواروں کے بہتر انتخاب پر صرف کی جائے۔ پارٹی کے پرانے ورکرز کو ٹکٹس دینے کو ترجیح دیں گے، مفاداتی اور ضمیر فروشوں کی میری پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔ ساڑھے تین سالوں میں غلطیوں سے بہت سیکھا۔ اب ان غلطیوں کو نہیں دہرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مخلص اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو آگے لایا جائے گا۔ اتحادی حکومت میں ہمیشہ بلیک میل ہونا پڑتا ہے۔ اپنے لوگوں کی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائیں گے۔