قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر سندھ اسمبلی میں مذمتی قرار داد منظور

Published On 06 April,2022 05:58 pm

کراچی:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد ملک بھر میں سیاسی صورتحال غیر یقینی کا شکار ہے اور اسی کے پیش نظر سندھ اسمبلی میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی تحریک عدم اعتماد پر رولنگ کی مذمت سے متعلق قرار داد منظور کرلی گئی ہے۔

خیال رہے کہ 3 اپریل بروز اتوار کو ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو غیر ملکی سازش قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کی قرارداد مسترد کر دی تھی۔

سندھ اسمبلی میں پیش کی گئی قرار داد کے متن کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کی غیرآئینی رولنگ کہ وجہ سے ملک میں آئینی بحران پیدا ہوا۔

اس دوران ایوان میں پی ٹی آئی ارکان نے نعرے لگائے اور احتجاج کیا، اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی نے اپوزیشن لیڈر کا مائیک بند کرا دیا۔

پیپلزپارٹی کے ارکان بھی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور عمران خان کے خلاف نعرے لگائے، ایوان میں قرارداد پیپلزپارٹی کی ندا کھوڑو اور ایم کیوایم کے سنجے پروانی نے پیش کی۔

اسپیکر سندھ اسمبلی نے ہنگامہ آرائی کے باعث سندھ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔
 

Advertisement