اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ آئین، قوم اور پاکستان کی جیت، نظریہ ضرورت ہمیشہ کیلئے دفن ہوگیا، تین اپریل کے اقدامات پر آئین اور قانون اپنا راستہ لے گا، اصلاحات کیلئے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے، پی ٹی آئی استعفے دیتی ہے تو اس کی مرضی، اب ہم جعلی نہیں، اصلی سرپرائز دیں گے۔
اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی اور متحدہ اپوزیشن کے دیگر رہنماؤں کے ہمرا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کا لاکھ، لاکھ شکرادا کرتے ہیں، فیصلے نے پاکستان کے مستقبل، آئین کو محفوظ کیا، جو کہتے تھے ڈالر مہنگا ہوتا ہے تو وزیراعظم چور ہوتا ہے ان سے جاکر پوچھیں، عدالت نے کلیئر کہا ڈپٹی اسپیکر کا فیصلہ غیر آئینی تھا، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا۔
صحافیوں نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ کل وزیراعظم قوم سے خطاب کرنے جا رہے ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ کونسی قوم؟ میثاق معیشت کے حوالے سے محنت سے کام کریں گے، میں تھک گیا ہوں بلاول سے سوال کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں لوکل باڈیز الیکشن کا اعلان کردیا گیا ہے، الیکشن کمیشن سے گزارش ہوگی بلوچستان الیکشن کو 25 دن کے لیے موخر کردیا جائے، میڈیا اور سپریم کورٹ بار کونسل کا شکر گزار ہوں، صدق دل سے کہنا چاہتا ہوں ہماری ڈکشنری میں انتقام کا لفظ نہیں ہے، قانون اپنا راستہ اپنائے گا، نیب، نیازی گٹھ جوڑ کو توڑ کر رہیں گے، اگر پی ٹی آئی والے استعفیٰ دیتے ہیں توان کی مرضی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلے کو سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا، متحدہ اپوزیشن کے تمام سربراہان نے حق اور سچ کی بات کی، جنہوں نے ضمیر کی آواز پرسچ کو سچ کہا شکریہ ادا کرتے ہیں، عدالت عظمیٰ کے مطابق دوبارہ عدم اعتماد کا مرحلہ کامیابی سے طے کریں گے، لیڈرآف دی ہاؤس کے چناؤ کے فیصلے کو طے کریں گے، غربت، بے روزگاری کے خلاف مل کر کام کریں گے، اب ہمارے کاندھوں پر بوجھ آن پڑا ہے، تمام مراحل کو کامیابی سے طے کریں گے، قومی حکومت کا مرحلہ بھی احسن طریقے سے طے کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 3 اپریل کے اقدامات پر آئین اور قانون اپنا راستہ لے گا، عمران کے سارے سرپرائز جعلی نکلے، ابسولیلٹلی کسی فراڈ کی ضرورت نہیں ہے، صدرکے مواخذے کا ابھی مرحلہ نہیں آیا بعد میں مشاورت کریں گے۔
فیصلے سے پاکستان کی جمہوریت، آئین کا تحفظ ہوا: بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں، یہ کسی ایک آدمی کی شکست نہیں، جمہوریت کی جیت ہے، ہم جمہوریت کی بحالی کی طرف بڑھیں گے، عوام کو ان کے معاشی حقوق دلوائیں گے، مل کر الیکٹرول ریفارمز لائیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فیصلے سے پاکستان کی جمہوریت، آئین کا تحفظ ہوا ہے، ہر جمہوریت پسند شخص کو مبارکباد دیتا ہوں۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کا داغ کافی حد تک دھل چکا ہے، اب عدم اعتماد کا پراسس مکمل ہوگا، آج شکر الحمداللہ پیپلزپارٹی، متحدہ اپوزیشن کا مقصد کامیاب ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر جمہوری پسند شخص کو مبارکباد دیتا ہوں، سلیکٹڈ راج کے خاتمے کا جشن منایا جائے، فیصلہ اپوزیشن، حکومت نہیں آئین کے حق میں ہوا، پاکستان کی تاریخ میں اس فیصلے کو سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔
بلال بھٹو کا کہنا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، اصلاحات کر کے شفاف الیکشن کی طرف بڑھیں گے، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی، بی اے پی، اے این پی کو مل کر فیصلے کرنا ہوں گے، عوام نے ماضی میں بھی بیرونی سازشوں کے الزامات کو رد کیا، یہ جیت بہت ضروری تھی، جمہوری طریقے سے وزیراعظم کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں، آگے جا کر بھی جمہوری راستہ ہی اپنائیں گے۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، جئے بھٹو، جئے عوام، پاکستان زندہ باد۔
خالد مقبول صدیقی
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تمام زبانیں بولنے والوں کوبرابر کا شہری سمجھا جائے گا، بار کونسل کے بھی شکرگزار ہیں، یہ تاریخی فیصلہ ہے، پورے نظام کے حق میں فیصلہ ہے، لاپتا افراد کے حوالے سے عدالتی کمیشن بنے گا۔
مولانا اسعد محمود
جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا اسعد محمود نے کہا کہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم آئین کی بحالی چاہتے ہیں، پریس کانفرنس کے ذریعے انہیں دعوت دیتے ہیں، ہم نے ملکر قوم کی وحدت کو یقینی بنانا ہے، انسانی، جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ہم نے جدوجہد کی، ہم نے اپنی ذات پر تنقید برداشت کی، یہ کسی فرد تنظیم کی کامیابی یا ناکامی نہیں، پوری قوم کی فتح ہے۔
شاہ زین بگٹی
عوامی جمہوری وطن پارٹی کے رہنما شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ آج عدالت نے تاریخ رقم کی ہے، عمران خان باتوں کے علاوہ کچھ نہیں کرسکے، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا میں مسنگ پرسن کی لسٹ میرے پاس موجود ہے، جن کے پیارے لاپتا ان کی جلد واپسی کے لیے اقدامات کریں گے۔