لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کی درخواست پر چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کردیا، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو فوری طلب کر لیا۔
حمزہ شہباز کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ یکم اپریل سے چیف منسٹر پنجاب کا عہدہ خالی ہے ، پنجاب اسمبلی کا سیشن کال کر کے فوری چیف منسٹر کے انتخابات کرائے جائیں اور اسمبلی کے احاطے کو سیل کرنے کا اقدام بھی غیر قانونی ڈکلئیر کیا جائے۔
ہائیکورٹ آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیا کہ آرٹیکل 69 کے تحت اسمبلی کی کارروائی پرلاہورہائیکورٹ سے رجوع نہیں ہوسکتا تاہم بعد ازاں عدالت نے درخواست پر اعتراض ختم کرتے ہوئے سماعت کی اجازت دیدی۔
گذشتہ روز متحدہ اپوزیشن نے سپیکر چودھری پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد بھی جمع کروائی تھی، سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کروانے اپوزیشن کے اراکین اسمبلی سمیع اللہ، طاہر خلیل سندھو، پیر اشرف رسول، خواجہ سلمان رفیق، مرزا جاوید اور میاں عبدالرؤف اسمبلی پہنچے، اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد پنجاب اسمبلی کے سپیشل سیکرٹری چودھری عامر حبیب کو جمع کروائی۔