شہباز کی کابینہ میں کون کون شامل؟ بلاول کا کوئی عہدہ نہ لینے کا فیصلہ

Published On 12 April,2022 04:42 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کی کابینہ میں کون کون شامل؟ ن لیگ کے 12 اور پیپلزپارٹی کے سات وزرا ہوں گے، جے یو آئی (ف) 4 ، بی اے پی 3، ایم کیوایم کو سندھ کی گورنر شپ اور 2 وزارتیں، شاہ زین بگٹی، محسن داوڑ، اسلم بھوتانی اور طارق بشیر چیمہ کو بھی شامل کئے جا نے کا امکان ہے جبکہ بلاول بھٹو نے کوئی عہدہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذ رائع کے مطابق کابینہ میں مسلم لیگ ن کے 12 وزراء اور پیپلز پارٹی کے 7 وزراء ہوں گے جبکہ جے یو آئی ف کو 4، ایم کیو ایم کو 2 اور بی این پی مینگل، اے این پی، جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کو ایک ایک وزارت ملنے کا امکان ہے۔

پہلے مرحلے میں اتحادیوں کو زیادہ سے زیادہ کابینہ میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں دیگر وزارتیں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ارکان کو دی جائیں گی۔

ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئی حکومت میں کوئی عہدہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، صدر کے مواخذے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری یا مولانا فضل الرحمان صدر کے امیدوار ہوں گے۔

وزارت خارجہ کا قلمدان بھی پیپلز پارٹی کو ملنے کا قوی امکان ہے، ایم کیو ایم کو سندھ کی گورنر شپ کے ساتھ دو وزارتیں ملنے کا امکان ہے، محسن داوڑ، اسلم بھوتانی اور طارق بشیر چیمہ کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیے جا نے کا امکان ہے۔

مسلم لیگ ن سے خواجہ آصف، سعد رفیق، خرم دستگیر، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، شائستہ پرویز ملک، رانا ثنا اللہ اور مرتضیٰ جا وید عبا سی کی کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے۔

سینیٹ میں قائد ایوان کے لیے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا نام زیر غور ہے جبکہ پیپلز پارٹی سینیٹ سے شیری رحمان یا مصطفیٰ نواز کھوکھر میں سے ایک کو وزارت ملنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ ہو سکتے ہیں جبکہ شازیہ مری کا نام بھی زیر غور ہے۔
 

Advertisement