پیوٹن، چین کی وزیراعظم کو مبارکباد، نیک خواہشات پر شہباز کا مودی کا شکریہ

Published On 12 April,2022 04:28 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، چین نے شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دے دی ہے، ادھر وزیراعظم نے نیک خواہشات پر بھارتی ہم منصب نریندر مودی کا شکریہ ادا کردیا ہے۔

روسی سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مبارکباد کا پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا گیا کہ امید ہے وزیراعظم شہبازشریف پاکستان اور روس کے تعاون اور پارٹنرشپ کو فروغ دینگے، امید ہے شہبازشریف کی سرگرمیاں دہشت گردی سے نمٹنے اور افغان تصفیہ کیلئے معاون ثابت ہونگی۔

 شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں:چین

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان ہر موسم میں تعاون کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات چٹان کی طرح مضبوط اورپائیدارہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین سی پیک پر پاکستان کے ساتھ کام آگے بڑھانے کا خواہش مند ہے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کا مبارکباد دینے پر بھارتی ہم منصب کا شکریہ

 وزیراعظم شہباز شریف نے مبارکباد دینے پر بھارتی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت سے پر امن تعلقات کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل ناگزیر ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سے سب آگاہ ہیں، آئیے امن کو محفوظ بنائیں اور اپنے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دیں۔

 

Advertisement