فوری انتخابات کا مطالبہ، بدھ کو پشاور میں جلسہ کروں گا: عمران خان

Published On 11 April,2022 10:51 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم فوری انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں، بدھ کو میں عشاء کے بعد پشاور میں جلسہ کروں گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ ہم فوری انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں، کیونکہ آگے بڑھنے کا یہی واحد راستہ ہے، عوام کو فیصلہ کرنے دیں کہ وہ منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کے ذریعے کس کو وزیر اعظم چاہتے ہیں۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ بدھ کو میں عشاء کے بعد پشاور میں جلسہ کروں گا، غیر ملکی سازش کے ذریعے حکومت ہٹائے جانے کے بعد میرا یہ پہلا جلسہ ہوگا، میں چاہتا ہوں کہ ہمارے تمام لوگ جلسے میں آئیں، پاکستان ایک آزاد، خودمختار ریاست کے طور پر بنایا گیا تھا نہ کہ بیرونی طاقتوں کی کٹھ پتلی۔

خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تھی جس کے بعد شہباز شریف نے پاکستان کے 23ویں وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھالیا ہے۔
 

Advertisement