ترک صدر اور نریندر مودی کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

Published On 11 April,2022 09:46 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم میاں شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو پاکستان کا 23واں وزیراعظم منتخب کرلیا گیا جس کے بعد مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی تناظر میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کے وزیراعظم منتخب ہونے کی خبر پر بے حد مسرور ہوں۔

صدر اردوان نے کہا کہ یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی، پاکستان اور ترکی با اعتماد بھائی ہیں، دونوں کے تعلقات میں مزید قربت لانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ٹیلی فون کرنے اور مبارکباد پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لکھا کہ میاں محمد شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد، ہندوستان دہشت گردی سے پاک خطہ میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، تاکہ ہم اپنے ترقیاتی چیلنجوں پر توجہ مرکوز کر سکیں اور اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنا سکیں۔

 

 

Advertisement