عام انتخابات، الیکشن کمیشن کا حلقہ بندیوں کیلئے شیڈول کا اعلان

Published On 11 April,2022 09:21 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لئے قومی اسمبلی وصوبائی اسمبلیوں کے لئے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کیجانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق آج سے ملک بھر میں کہیں بھی کوئی نیا انتظامی یونٹ نہیں بنایا جائےگا، تمام صوبوں کے لئے حلقہ بندی کمیٹوں کی تشکیل 16اپریل تک کر دی جائے گی، تمام چیف سیکرٹری اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو حلقہ بندی کے کام کے لئے مطلوبہ نقشہ جات ودیگر دستاویزات کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔

شیڈول کے مطابق 11 اپریل سے 26 اپریل تک مطلوبہ نقشہ جات و دیگر دستاویزات کی فراہمی کی جائے گی، 20 اپریل سے 24 اپریل تک حلقہ بندی کمیٹیوں کی ٹریننگ کی جائے گی، ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 28 مئی کو کر دی جائے گی۔

29 مئی سے 28 جون تک ابتدائی حلقہ بندیوں پر عوام اپنے اعتراضات اور سفارشات الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کریں گے۔

الیکشن کمیشن تمام اعتراضات کی سماعت اور فیصلے یکم جولائی سے 30 جولائی تک انجام دے گا جبکہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 3 اگست کو شائع کی جائے گی۔
 

Advertisement