'اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، یکساں مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے'

Published On 14 April,2022 12:50 pm

لاہور: (لیاقت انصاری) وزیرعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، ان کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، آئین پاکستان کے تحت ملک میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریوں کو یہاں رہنے اور کام کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے سکھ برادری کو ویساکھی کے تہوار پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب ویساکھی کے تہوار پر سکھ برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے ہم نے ملکر مضبوط اور عظیم بنانا ہے، پنجاب سمیت پاکستان میں سکھ برادری کے مقدس مقامات موجود ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری سمیت دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے، سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہرطرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، پنجاب حکومت نے سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔
 

Advertisement