لاہور:(دنیا نیوز) کین کمشنر پنجاب نے چینی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافے کو جعلی اور افواہ قرار دیدیا ہے۔
چینی کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر کین کمشنر پنجاب زمان وٹو کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ منگل کے روز جنوبی پنجاب میں چینی کی ایکس مل قیمت 78 روپے سے لیکر 78 روپے پچاس پیسے رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وسطی پنجاب میں چینی کی فی کلو قیمت 79 روپے سے لیکر 79 روپے 25 پیسے فی کلو ایکس مل رہی۔
زمان وٹو نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے چینی کے دام مستحکم ہیں اور ان میں کوئی بڑا اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا طنز
خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چینی کی قیمت بڑھنے پر نئی وفاقی حکومت پر طنزیہ ٹویٹ کیا تھا۔
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ جنہوں نے چینی 55 روپے فی کلو کرنے کا دعویٰ کیا تھا ان کے پہلے دن چینی کی قیمت 10 روپے بڑھ گئی۔
جنہوں نے چینی 55 روپے فی کلو کرنے کے دعویٰ کیا تھا ان کے پہلے دن چینی کی قیمت 10 روپے بڑھ گئی#امپورٹڈ_حکومت_نامنظور
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) April 12, 2022