کوئٹہ، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں چینی کے دام 160 روپے کلو تک پہنچ گئے

Published On 06 November,2021 02:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں چینی کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں، کہیں چینی 160 روپے فی کلو تو کہیں 150 روپے میں فروخت ہونے لگی، مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔

ملک میں چینی کی فی کلو قیمت ساتویں آسمان تک جا پہنچی۔ کوئٹہ میں چار روز میں چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے اضافہ ہوا، شہری 160 روپے فی کلو خریدنے پر مجبور ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق چینی کی قیمت میں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ دوسری طرف یوٹیلیٹی اسٹورز پر رعایتی نرخ والی چینی دستیاب ہی نہیں۔

فیصل آباد میں چینی کا بدترین بحران، چینی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کلو اضافے کے بعد 160 روپے تک پہنچ گئی۔ شہر کی 80 فیصد دکانوں پر چینی دستیاب ہی نہیں۔

چینی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پشاور کے شہری بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ شہری 150 روپے فی کلو چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔ ڈیلروں کا کہنا ہے کہ چینی کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔

لاہور میں بھی صورتحال مختلف نہیں، قیمتوں میں اضافہ ہوا تو چینی گوہر نایاب ہوگئی۔ شہر کی بڑی منڈیوں سے چینی غائب ہیں۔ دکانداروں نے جرمانوں اور مقدمات کے اندراج سے بچنے کیلئے چینی رکھنا ہی چھوڑ دی۔

حیدر آباد میں بھی چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوا، شہری 160 روپے فی کلو چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں چینی چینی کی دہائی سنائی دے رہی ہے۔
 

Advertisement