لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردا رعثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کے لئے ملازمتوں میں 32 فیصد کوٹہ مختص کیا۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مالی و انتظامی لحاظ سے خود مختار بنایا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو خود مختاری دے کر تحریک انصاف کی حکومت نے عوام سے کیا وعدہ پورا کیا۔ ہم نے 35 فیصد ترقیاتی بجٹ جنوبی پنجاب کو دیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے بجٹ کی رنگ فنانسنگ کی۔ یہ بجٹ کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں ہوسکتا۔ پہلی بار جنوبی پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے علیحدہ بک مرتب کی۔ جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع کو ترقی کے سفر میں یکساں اہمیت دی۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ترقی جنوبی پنجاب کے عوام کا پورا حق ہے۔ جنوبی پنجاب ترقی کے سفر میں شامل ہوچکا ہے۔ جنوبی پنجاب کو ماضی کے مقابلے میں زیادہ ترقیاتی فنڈز فراہم کئے اور اس کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا۔