وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ آج منظور کیے جانے کا امکان

Published On 30 March,2022 08:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز، لیاقت انصاری) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لیے گئے استعفی کو آج منظور کیے جانے کا امکان ہے۔

وزیراعلی پنجاب کا استعفیٰ گورنرہاؤس کو موصول ہو گیا ہے، عثمان بزدار کا استعفی منظور کیے جانے کاامکان ہے، گورنرپنجاب چودھری محمد سرور استعفے کی منظوری کے حوالے سے اسمبلی سیکرٹریٹ کو آگاہ کردیں گے۔

گورنر پنجاب سے استعفے کی منظوری کے بعد اسمبلی سیکرٹریٹ نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے اقدامات کرے گا، استعفے کی منظوری کے بعد اسمبلی اجلاس طلب کرنے اور انتخاب کا شیڈول جاری کیاجائے گا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کے ساتھ سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی بنی گالہ میں ملاقات ہوئی تھی جس میں انہیں وزارتِ اعلیٰ کی پیشکش کی گئی تھی جو انہوں نے قبول کر لی تھی۔

چودھری پرویز الٰہی نے جوڑ توڑ کا محاذ سنبھال لیا

دوسری طرف پنجاب میں حکومت سازی کے چیلنج کے پیش نظر سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے لاہور پہنچتے ہی جوڑ توڑ کا محاذ سنھبال لیا، صوبائی وزرا کے اجلاس میں مشاورت کی گئی۔

سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت پنجاب حکومت کے سینئر صوبائی وزرا کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید، ظہیرالدین، راجہ راشد حفیظ، سبطین خان، مراد راس اور رکن اسمبلی وسیم خان بادوزئی نے شرکت کی۔

پنجاب میں حکومت سازی اور ارکان اسمبلی سے رابطوں بارے مشاورت کی گئی پنجاب میں جوڑ توڑ اوررابطوں بارے وزراء کو ٹاسک سونپ دئے گئے ہیں۔

Advertisement