وزیراعظم کے حکم پر سیاست بھی چھوڑنے کو تیار ہوں: عثمان بزدار

Published On 29 March,2022 05:53 pm

لاہور:( لیاقت انصاری سے ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے استعفیٰ دینے کے بعد کھل کر دل کی باتیں کی ہیں اور کہا کہ خواہشات اور خواب تو بہت تھے سب پورے نہیں ہوسکتے، ٹارگٹ تو امریکی صدر بھی بن جائے تو پورے نہیں ہوسکتے، وزرات اعلیٰ کیا عمران خان کے حکم پر تو سیاست بھی چھوڑنے کو تیار ہوں۔

ایوان وزیراعلیٰ میں دنیا میڈیا گروپ کے سینئر صحافی لیاقت انصاری سےغیر رسمی گفتگو میں وزیرعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اقتدار کے ایوان میں گزرے دنوں بارے خوب باتیں کیں اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ تو معمولی بات ہے، عمران خان حکم دیں تو سیاست چھوڑنے کو بھی تیار ہوں، پارٹی نے پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ کے لئے کو نامزد کیا ان کی کامیابی کو یقینی بناؤں گا، پنجاب میں کوئی بزدار گروپ نہیں صرف عمران خان کا سپاہی ہوں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں خود مستعفی ہونے کی پیشکش کی، میں نے واضح طور پر کہا کہ ادھر ادھر کی باتوں کی ضرورت نہیں کسی کو بوجھ اٹھانا ہوگا، سیاسی فیصلے کرنے ہوں گے، کچھ متبادل آپشنز پر بات ہوئی تو میں نے کہا کہ پارٹی اور ملکی مفاد کو سامنے رکھنا ہوگا اور اس لئے خود مستعفی ہونے کی پیشکش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ارکان اسمبلی نے جتنا پیار دیا کبھی نہیں بھولوں گا، ارکان پنجاب اسمبلی اور بیوروکریسی کو ساتھ لے کر چلا، میرے دور میں کیا کام ہوئے دستاویزی فلم جلد جاری ہوگی، دستاویزی فلم دیکھ کر یاد آئے گا بزدار نے کیا کیا، کسی عہدے کا لالچ نہیں، جو حکم کپتان کا ہوگا تسلیم کروں گا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خواہشات اور خواب تو بہت تھے سب پورے نہیں ہوسکتے، ٹارگٹ تو امریکی صدر بھی بن جائے تو پورے نہیں ہوسکتے، میرا دور کرپشن سے پاک دور کے طور پر یاد رکھا جائے گا، ایک بھی کرپشن کا کیس یا سکینڈل نہیں، پورے دور میں بیرون ملک کوئی سرکاری خرچے پر وفد نہیں، جب ایوان وزیراعلیٰ سے جاؤں گا تو تب بتاؤں گا کہ ایوان وزیراعلیٰ کیسے آیا! سینے میں راز ہیں جو راز ہی رہنے چاہیے، جو اللہ کو منظور ہوتا ہے ہو کر رہتا ہے، جب وزیراعلیٰ بنا تو زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آیا، جب وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہوا تو تب بھی فیملی یا کسی رشتہ دار نے فون کرکے نہیں کہا کہ کیوں چھوڑ دیا، میرے مستعفی ہونے کی خبر بھی اہلخانہ کو ٹی وی سے ملی، بہت کہانیاں ہیں کتاب لکھوں تو ریکارڈ فروخت ہوگی، سوچ رہا ہوں کہ کوہ سلیمان سے سیون کلب کے سفر تک کے عنوان سے کتاب لکھوں ، وزیراعلی نے بتایا کہ جب اپوزیشن تنقید کرتی تھی بڑا مزہ آتا تھا ،تنقید کو فلاح کے کاموں میں رکاوٹ نہیں بننے دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہی کی کامیابی کے لئے خود تمام کوششوں کی نگرانی کروں گا، سینے میں رازتو بہت ہیں، کتاب لکھوں تو ریکارڈ فروخت ہو، کوہ سلیمان سے سیون کلب تک کے سفر کی کتاب لکھنے کو دل چاہتا ہے، میرے دور میں کیا کام ہوئے دستاویزی فلم جلد جاری ہوگی ، بزدار کے کام ضرور یاد ائیں گے، سینے میں راز ہیں جو راز ہی رہنے چاہیے ،اپوزیشن کی تنقید کا بڑا مزہ آتا تھا۔

 

Advertisement