لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب میں حکومت سازی اور سیاسی ہلچل میں بڑی تبدیلی آگئی، علیم خان کے بعد ترین گروپ بھی حکومت کا ساتھ دینے سے انکاری ہو گیا اور سفارشات جہانگیر ترین کو بھجوا دی گئیں۔
پنجاب میں عمران خان کے نامزد امیدوار کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، ترین گروپ کی اکثریت نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا مشورہ دے دیا ہے، ترین گروپ نے غیر رسمی مشاورت میں مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا مشورہ دیا۔
اس حوالے سے اراکین کا کہنا ہے کہ ہمیں اب حکومت کی طرف نہیں بلکہ اپوزیشن کی طرف جھکاؤ کرنا ہوگا، ترین گروپ نے جہانگیر ترین کو تمام تجاویز ارسال کر دیں جبکہ مسلم لیگ ن نے ترین گروپ کو حکومت سازی میں ہر طرح سے ایڈجسٹ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے کہ ترین گروپ کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔
ادھر وفاقی اور صوبائی وزرا کے ترین گروپ سے رابطے ناکامی کا شکار ہیں۔
علیم خان گروپ کا ق لیگ کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے سے انکار
علیم خان گروپ کے ترجمان نے کہا کہ عمران خان جن القابات سے پرویز الٰہی کو بلاتے تھے ہم انہیں دہرانے کی جسارت بھی نہیں کر سکتے، پہلے 4سال بے ایمان اور نکمے بزدار کو مسلط رکھا ، اب پرویز الٰہی کو نامزد کر دیا۔
ترجمان میاں خالد کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ہر مخلص کارکن کو پرویز الٰہی کی نامزدگی پر اعتراض ہے، کوئی سودے بازی نہیں کرینگے، اپوزیشن کا غیر مشرو ط ساتھ دیں گے، کمال ہے کہ اب نیا پاکستان پرویز الٰہی بنائیں گے۔