چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی آفر قبول کر لی

Published On 28 March,2022 06:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی آفر قبول کر لی۔

پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل چودھری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ نامزد کر دیا، پرویز الٰہی نے عہدے کی آفر قبول کر لی ہے، ملاقات کے دوران عثمان بزدار سے استعفیٰ لیا گیا

ترجمان چودھری پرویز الٰہی کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار کے استعفے کی منظوری کے بعد پنجاب کی کابینہ سمیت تمام عہدے تحلیل ہو جائیں گے، پرویز الہی کل یا پرسوں حلف اٹھائیں گے پھر اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

فرخ حبیب

اس سے قبل وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ چودھری پرویز الہی کی وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات ہوئی، ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے۔ ق لیگ کا وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار اور حمائیت کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفی وزیر اعظم کو پیش کردیا۔ وزیراعظم عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلی نامزد کرنے فیصلہ کر لیا۔

دوسری طرف دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے مزید کہا کہ انشااللہ عدم اعتماد ناکام ہونے جارہی ہے،فرخ حبیب مقصود چپڑاسی،فالودے والوں کا جیل جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے، پہلے کہا تھا عدم اعتماد ناکام ہوگی، چوروں کے ٹولے کوپہلا سرپرائزمل گیا ہے۔ عثمان بزدارنے اپنا استعفی پیش کردیا ہے، چودھری پرویزالہی پنجاب کے اگلے وزیراعلیٰ ہوں گے، اپوزیشن توفارغ ہوگئی ہے۔ بلاول بچہ ان کی باتوں کا برا نہیں مناتے، اب اپوزیشن کی الٹی گنتی کا وقت شروع ہوچکا ہے۔

 شہباز گل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ کے امیدوار کے طور پر سپورٹ کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کو وزیراعلی کے امیدوار کے طور پر سپورٹ کریں گے۔ ق لیگ نے وزیراعظم کی عدم اعتماد میں حمایت کا اعلان کر دیا۔

Advertisement