وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اعزاز میں الوداعی تقریب، انتظامی افسروں کی شرکت

Published On 04 April,2022 11:08 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ سی ایم آفس، پولیس اور انتظامی افسروں نے شرکت کی۔ اعلی حکام نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ سرکاری امور میں میرٹ کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کو سراہا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمیشہ جائز کام کئے، میرٹ کو مد نظر رکھ کر مشاورت سے فیصلے کئے، کسی کو کبھی بھی غلط کام کا نہیں کہا، ضمیر مطمئن ہے، لوگوں کو عزت دی، کسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں کیا، میرے دور میں کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا گیا، ذاتی تشہیر کا قائل ہوں نہ کبھی کی، خاموشی سے کام کرنے کا عادی ہوں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انسان ہوں، غلطی ہو سکتی ہے، مشکل فیصلے کرنے سے کبھی نہیں گھبرایا، نیک نیتی سے عوام کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش کی، عوام کے بہترین مفاد میں ازخود وزیر اعظم عمران خان کو استعفیٰ دیا، وزیر اعظم عمران خان نے جو بھی فیصلہ کیا اس کی تائید اور حمایت کرتے ہیں، بھرپور تعاون اور معاونت کرنے پر حکومت پنجاب کے ہر افسر اور اہلکار کا ممنون ہوں، بیوروکریسی عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھے، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ کوشاں رہوں گا۔
 

Advertisement