لاہور:( لیاقت انصاری سے) وزیراعلیٰ پنجاب سردا رعثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کے لئے ملازمتوں میں 32 فیصد کوٹہ مختص کیا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مالی و انتظامی لحاظ سے خود مختار بنایا۔
تفصیلات کے مطابق سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو خود مختاری دے کر تحریک انصاف کی حکومت نے عوام سے کیا وعدہ پورا کیا، ہم نے 35 فیصد ترقیاتی بجٹ جنوبی پنجاب کو دیا، جنوبی پنجاب کے بجٹ کی رنگ فنسنگ کی، یہ بجٹ کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار جنوبی پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے علیحدہ بک مرتب کی، جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع کو ترقی کے سفر میں یکساں اہمیت دی، ترقی جنوبی پنجاب کے عوام کا پورا حق ہے اور یہ ترقی کے سفر میں شامل ہوچکا ہے، جنوبی پنجاب کو ماضی کے مقابلے میں زیادہ ترقیاتی فنڈز فراہم کئے، یہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا۔