اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو ہراساں کرنے کی درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹائی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ڈائریکٹر سائبر کرائم کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کسی کو ہراساں نہ کریں، آپ نئے آئے ہیں، عدالت کو آپ پر مکمل اعتماد ہے، تنقید ہو سکتی ہے مگر کسی کو اشتعال نہیں دلا سکتے، ہم ڈی جی ایف آئی اے کو ہدائت کرتے ہیں کہ وہ کوئی مجاز افسر مقرر کریں جو آپ سے کوآرڈی نیٹ کرے۔
وکیل فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ ہمارے تین ورکرز لاہور میں اٹھائے تھے جنہیں جوڈیشل کر کے ضمانت کروا رہے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ہم یہ درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹا رہے ہیں، اگر کوئی شکائت ہو تو ڈائریکٹر سائبر کرائم کو بتائیں، ہم نہیں چاہتے کہ یہ دوبارہ کورٹ آئیں۔