اسلام آباد:(دنیا نیوز) ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس کا 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
فیصلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے فارن فنڈنگ کیس کا ریکارڈ اکبر ایس بابر کو دینے سے روکنے، اکبر ایس بابر کو ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی سے الگ کرنے کی پی ٹی آئی کی بھی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے درخواست خارج کردی۔
پاکستان تحریک انصاف نے 25 جنوری اور 31 جنوری کو دائر درخواستیں مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا جبکہ ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔
پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ نے اہم ہدایات جاری کی ہیں جس کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہوئی تو سیاسی جماعت اور اس کے چیئرمین کی حیثیت بھی متاثر ہو گی، اگر ممنوعہ فنڈنگ نکلی تو پی ٹی آئی کو نتائج بھگتنا ہوں گے، ضروری ہے کہ فنڈنگ کیس میں جلد سچائی تک پہنچا جائے، الیکشن کمیشن کو حقائق تک پہنچنے کیلئے کوئی بھی طریقہ اپنانے سے روکا نہیں جا سکتا۔