ہم استعفے نہیں دیں گے، پی ٹی آئی کے منحرف ارکان ڈٹ گئے

Published On 10 April,2022 04:57 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف گروپ کے رکن راجہ ریاض نے کہا ہے کہ ہمارے گروپ کے ارکان کا مستعفی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے اعلان پر ردعمل میں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان ڈٹ گئے۔

اس حوالے سے راجہ ریاض نے کہا کہ ہم مستعفی نہیں ہوں گے، تحریک انصاف کی جانب سے استعفے دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، جو لوگ مستعفی ہوں گے ان نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوجائے گا۔

 پاکستان تحریک انصاف کا قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے شیخ رشید اور فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا کہ ہمارے تمام اراکین قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے رہے ہیں، شاہ محمود کو امیدوار نامزد کرنے کا مقصد شہباز شریف کو چیلنج کرنا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پورے ملک میں احتجاج کی اپیل کی ہے، کارکنان اورعوام ہر ضلع میں عشا کی نماز کے بعد باہر نکلیں، کور کمیٹی نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے مرحلے میں قومی اسمبلی سے استعفے دیں گے، پوری قوم عمران خان سے رہنمائی کی توقع رکھتی ہے، اگر انکا فیصلہ ہے شہبازشریف کو وزیراعظم بنانا تو ہمارا فیصلہ ہے مستعفی ہونا۔

فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ کور کمیٹی نےعمران خان کو ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے، نئے انتخابات کے علاوہ موجود بحران کا کوئی حل نہیں، جب تک ہم انہیں ایوان سے اٹھا کر باہر نہیں پھینکیں گے پاکستان میں ناپاک حکومت قائم رہے گی، کل جس طرح 12 بجے عدلیہ کھلی اس سے ہماری عدلیہ کی رینکنگ مزید نیچے بھی چلی جائے تو فرق نہیں پڑے گا، پوری قوم توقع کرتی ہےعمران خان اس غیر ملکی سازش کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے۔

Advertisement