قومی اسمبلی سے استعفوں پر مشاورت، پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج

Published On 10 April,2022 05:17 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی سے استعفوں پر مشاورت کے سلسلہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمانی پارٹی اجلاس کا اجلاس آج ہوگا جبکہ عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس بھی جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج دوپہر12  بجے پارلیمنٹ میں ہوگا۔

اراکین آج حلقوں میں عوامی احتجاج کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوسکتے تھے۔

قبل ازیں عمران خان کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گزشتہ رات 9 بجے بنی گالہ میں ہونا تھا، ملکی سیاسی صورتحال پر پارٹی حکمت عملی اور قومی اسمبلی سے استعفوں کے حوالے سے مشاورت بھی ہونا تھی۔

اجلاس میں عمران خان پارٹی کے فیصلوں پر اراکین کو اعتماد میں لیں گے، قومی اسمبلی سے استعفوں سے متعلق پارٹی رہنماؤں کی مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں، عمران خان تمام تجاویز پارلیمانی پارٹی اراکین کے سامنے رکھیں گے اور مشاورت سے استعفوں کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس، پارلیمنٹ کے اندر موثر کردار ادا کرنیکا فیصلہ

عمران خان کے زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بطور اپوزیشن حکمت عملی پر مشاورت، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موثر کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ عوامی رابطہ مہم اور پرامن احتجاج سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بنی گالہ میں ہوا جس میں کور کیمٹی ممبران، وزراء اعلی پنجاب، خیبر پختوانخوا، گورنر پنجاب اور سندھ شریک ہوئے۔

پی ٹی آئی کی بطور اپوزیشن پارٹی حکمت عملی طے کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تحریک انصاف موثر اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی، عوامی رابطہ مہم اور پر امن احتجاج سے متعلق بھی کور کمیٹی اجلاس میں مشاورت کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے 12 اپریل کو پشاور میں جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عمران خان خطاب کریں گے، عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔

اجلاس میں کور کمیٹی نے پارٹی کی تنظیم سازی جلد مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور ہدایت کی ہے آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے پارلیمانی بورڈ کو متحرک کیا جائے۔

 

Advertisement