اسلام آباد:(دنیا نیوز) عمران خان سے یکجہتی کے اظہار کے لئے، اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت پی ٹی آئی کی مختلف شہروں میں ریلیاں، خواتین اور بچوں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ سابق وزیراعظم نے عوام کا شکریہ ادا کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شہریوں کی بڑی تعداد نے عمران خان کے حق میں ریلی نکالی، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، زیروپوائنٹ سے ریلی ایف نائن پارک پہنچی۔
لاہور میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے لبرٹی چوک میں مظاہرہ کیا، جیل روڈ پر ریلی نکالی گئی، عمران خان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
پشاور میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، احتجاج میں خواتین ایم پی ایز بھی شریک ہوئیں۔
فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے کارکن گھنٹہ گھر چوک جمع ہوئے، ملتان میں چونگی نمبر 9 پر مظاہرہ کیا گیا، عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امریکی حمایت سے رجیم چینج کے خلاف نکلنے پر عوام کا شکریہ، ملک بھر میں پاکستانی سڑکوں پر امڈ آئے، پاکستانی عوام، اوورسیز پاکستانیوں نے حکومت تبدیلی کو مسترد کر دیا۔
Thank you to all Pakistanis for their amazing outpouring of support & emotions to protest against US-backed regime change abetted by local Mir Jafars to bring into power a coterie of pliable crooks all out on bail. Shows Pakistanis at home & abroad have emphatically rejected this
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 10, 2022
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ عوام نے امریکی حمایت سے حکومت کی تبدیلی کے خلاف جذبات دکھائے، پاکستانی ملک میں ہوں یا اوورسیز سب نے یہ گٹھ جوڑ مسترد کر دیا، مقامی میر جعفروں نے امریکا کی ملی بھگت سے حکومت تبدیل کی، مقامی میر جعفر وہ ٹھگ ہیں جو ضمانتوں پر رہا ہیں۔