عمران خان پہلے وزیر اعظم جو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے گئے

Published On 10 April,2022 08:51 pm

لاہور:(دنیا نیوز) ملکی تاریخ میں کوئی بھی وزیر اعظم اپنی 5 سالہ مدت پوری نہ کر سکا، عمران خان 3 سال 7 ماہ اور 22 روز وزیراعظم رہے، عمران خان پہلے وزیر اعظم جو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹائے گئے۔

پاکستان کی تاریخ میں وزارت عظمیٰ کی کرسی سب سے بھاری، ایک بھی وزیراعظم اپنی مدت پور ی نہ کرسکا، عمران پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹایا گیا۔

ملک کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کا دورانیہ سب سے زیادہ رہا، وہ 4 سال 2 ماہ تک عہدے پر فائز رہے، لیاقت علی خان کو 16 اکتوبر 1951 میں جلسے کے دوران شہید کر دیا گیا، نورالامین سب سے کم مدت صرف 13 روز کیلئے وزیر اعظم بنے، دوسرے وزیر اعظم خواجہ ناظم الدین ایک سال 4 ماہ اس عہدے پر رہے۔

محمد علی بوگرہ 2 سال 3 ماہ اور 24 روز تک وزیر اعظم رہے، چودھری محمد علی 1 سال 1 ماہ وزارت عظمٰی کی کرسی پر فائز رہے، حسین شہید سہروردی ایک سال ایک ماہ اور 6 دن تک وزیر اعظم رہے، ابراہیم اسماعیل المعروف آئی آئی چندریگر 1 ماہ 28 روز ملک کے سربراہ رہے، ملک فیروز خان نون 9 ماہ 21 روز، نورالامین 13 روز وزیر اعظم رہے۔

ذوالفقار علی بھٹو 4 سال 21 روز تک وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھے، محمد خان جونیجو 1985 میں وزیر اعظم بنے، 3 سال 2 ماہ 6 روز تک عہدے پر رہے، بے نظیر بھٹو کی پہلی وزارت عظمیٰ کی مدت 1 سال 8 ماہ رہی، ان کے بعد غلام مصطفیٰ جتوئی 3 ماہ کے لیے نگران وزیر اعظم رہے، نواز شریف پہلی بار 2 سال 5 ماہ 12 روز وزیر اعظم رہے، میر بلخ شیر مزاری ایک ماہ 8 روز کے لیے نگران وزیر اعظم مقرر ہوئے، معین قریشی 3 ماہ 11 روز نگران وزیر اعظم رہے، بے نظیر بھٹو دوسری بار آئیں، 3 سال 6 روز وزارت عظمٰی کے عہدے پر رہیں، اس کے بعد ملک معراج خالد 3 ماہ 11 روز کی لیے نگران وزیر اعظم بنے۔

نواز شریف دوسری بار 2 سال 7 ماہ 25 روز وزیر اعظم رہے، میر ظفر اللہ جمالی ایک سال 7 ماہ 3 روز وزیر اعظم رہے، چودھری شجاعت حسین کو بھی موقع ملا، وہ 1 ماہ 26 روز وزیر اعظم رہے، پرویز مشرف کے دور میں شوکت عزیز 2 سال 4 ماہ 17 دن وزیر اعظم رہے۔

2008 کے الیکشن میں محمد میاں سومرو 4 ماہ 8 روز کے لیے نگران وزیر اعظم بنائے گئے، جس کے بعد پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی 4 سال ایک ماہ وزیر اعظم رہے، راجہ پرویز اشرف ایک سال 2 روز وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہے، میر ہزار خان کھوسو 2 ماہ 10 روز کے لیے نگران وزیر اعظم بنے۔

2013 کےالیکشن کے بعد وزیراعظم محمد نواز شریف 4 سال ایک ماہ 23 روز اپنے عہدے پر رہ سکے، شاہد خاقان عباسی 9 ماہ 30 روز کی بقیہ مدت کیلئے وزیراعظم بنے، 2018 کے الیکشن کے دوران جسٹس (ر) ناصر الملک 2 ماہ 17 روز نگران وزیر عظم رہے، جس کے بعد بننے والے وزیراعظم عمران خان 3 سال 7 ماہ اور 22 روز عہدے پر رہ سکے۔
 

Advertisement