پشاور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں حکومت جانے کے بعد پہلا پاور شو کیا اور الیکشن کے اعلان تک سڑکوں پر رہنے کی کال دیتے ہوئے کہا کہ جب تک الیکشن کا اعلان نہیں کیا جاتا ہم نے سڑکوں پر رہنا ہے، قوم نے امپورٹڈ حکومت تسلیم نہیں کی، لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر نامنظور کے نعرے لگائے، فیصلہ کن وقت آگیا، ہم نے فیصلہ کرنا ہے غلامی چاہتے ہیں یا آزادی؟۔
پشاور میں عمران خان کا خطاب شروع ہوتے ہی ’ڈیزل’ڈیزل کے نعرے لگ گئے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب تک الیکشن کا اعلان نہیں کیا جاتا ہم نے سڑکوں پر رہنا ہے، آپ نے ایک زندہ قوم کی طرح امپورٹڈ حکومت کے خلاف ہرشہرمیں نکلنا ہے، نوازشریف ڈرپوک بھگوڑا، زرداری تمہارے غلام ہے، ان کا پیسہ بیرون ملک پڑا ہے، سازش کے تحت حکومت ہٹائی گئی، اداروں سے پوچھتا ہوں نیوکلیئر پروگرام کی یہ ڈاکو حفاظت کرسکتے ہیں؟ ہماری سالمیت ان چوروں کے ہاتھوں میں ڈال رہے ہو کوئی خوف خدا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے پیارے ججز سے پوچھتا ہوں آزاد عدلیہ کے لیے میں جیل گیا، ہم نے آزاد عدلیہ کا خواب دیکھا تھا، عدلیہ طاقت ور نہیں کمزور لوگوں کے ساتھ کھڑی ہوگی، عدلیہ سے پوچھتا ہوں رات کے وقت عدالت لگائی، عدلیہ سے پوچھتا ہوں کبھی میں نے کوئی قانون توڑا؟ کیا میں نے کبھی میچ فکس کیا؟ میں نے کبھی اداروں،عدلیہ کے خلاف قوم کو نہیں بھڑکایا، کیا جرم کیا تھا جو آپ نے رات کو 12 بجے عدالتیں لگائی؟ معزز ججزمجھے جواب دیں، علی محمد خان نے پارلیمنٹ میں تنہا کھڑے ہوکر جواب دیا، علی محمد خان، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری ہیرو ہے، ججز سے پوچھتا ہوں کیا قاسم سوری نے ٹھیک نہیں کہا تھا، مراسلے میں کیا نہیں لکھا تھا کہ عمران خان کو ہٹاؤ تو معاف کر دیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ شاندار استقبال پر دل سے شکرگزار ہوں، جب بھی پاکستان کے وزیراعظم کو ہٹایا جاتا تو پاکستان میں مٹھائیاں بانٹی جاتی تھیں، اللہ کا شکر ہے آپ لوگوں نے مجھے اتنی عزت دی، اتوار والے دن پورے پاکستان سے قوم باہر نکلی، قوم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں آپ ایک قوم بن چکے ہیں، امریکا کی امپورٹڈ حکومت کو قوم نے تسلیم نہیں کیا، قوم نے سڑکوں پر نکل بتایا امپورٹڈ حکومت نامنظور۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے لیے فیصلہ کن وقت آگیا ہے، ہم نے فیصلہ کرنا کیا غلامی یا آزادی چاہتے ہیں، کیا امریکیوں کے غلاموں کی غلامی کرنی ہے یا آزادی حاصل کرنی ہے، باہر سے حکومت مسلط کی گئی، نوازشریف، شہبازشریف، حمزہ، داماد، مریم نواز پر کیسز ہیں، نوازشریف کے بیٹے مفرور ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ امریکیوں نے بڑے ڈاکوؤں کو مسلط کر کے ملک کی توہین کی، کیا قوم ان ڈاکوؤں کو تسلیم کرے گی؟ پاکستان کے ہر شہر میں نکلوں گا، اپنی غیرت مند عوام کو ان کے خلاف کھڑا کروں گا، ہفتے کو کراچی میں جلسہ ہوگا، جمعرات کو مینار پاکستان میں جلسہ ہوگا، ان سب کو چیلنج کرتا ہوں سب سے زیادہ عوام کو سڑکوں پر نکالوں گا، شہباز شریف پر 40 ارب کے کرپشن کے کیسز ہے، شہباز شریف کو اپنا وزیراعظم نہیں مان سکتے، جو سمجھتا ہے چوروں کو قبول کرلیں گے سب کان کھول کر سن لو، یہ 1970 کا پاکستان نہیں نیا باشعور لوگوں کا پاکستان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر نوجوانوں کے منہ کوئی بند نہیں کرسکتا، شہبازشریف سوشل میڈیا پر نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہا ہے، سن لو جس دن ہم نے کال دی تمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، او امریکیوں ہمیں تمہاری معافی کی ضرورت نہیں تم ہوتے کون ہو، تمہیں شریفوں، زرداریوں کی عادت پڑی ہوئی ہے، امریکی غلاموں کے خلاف باہر نکلنا ہے۔
شیخ رشید
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا، اب یہ صدر کا مواخذہ کریں گے، قوم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہوجائے، ہم ایک ماہ بعد جیلیں بھر دیں گے، اگلے مہینے کی 29 تاریخ تک کپتان کو واپس بھی لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 16 اپریل کو کراچی میں ایم کیو ایم کے ساتھ ہیلو، ہائے کروں گا، جو اتنا مقبول ہوجائے اسے ختم کر دیا جاتا ہے، قوم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہوجائے، فوج کو گالیاں دینے والے بوٹ پالش کرنے والے واپس آگئے ہیں، ایوب خان کے ساتھ جب جلسے میں آیا تواس جلسے کا دسواں حصہ بھی نہیں تھا، قوم عمران خان کے پیچھے نکل آئی ہے۔
قاسم سوری
قاسم سوری نے کہا ہمارے لیڈر نے اسلامو فوبیا کا مقدمہ لڑا، عمران خان پورے پاکستان کی آواز، کسی بھی صورت غلام نہیں بنیں گے، مل کر کٹھ پتلیوں کا مقابلہ کریں گے، آپ کا وزیراعظم آپ کی غیرت کے لیے لڑا، دنیا کی بڑی قوتیں پاکستان کو آزاد اور خودمختار ریاست نہیں دیکھنا چاہتی، مراسلہ خود دیکھا پاکستان کودھمکی دی گئی، مراسلے میں لکھا تھا اگرعمران کو نہیں ہٹایا تو پاکستان کو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کٹھ پتلی، بکاؤ مال کا مقابلہ کرنا ہے، وطن فروشوں کا ہم نے مقابلہ کرنا ہے، ہمارے لیڈر نے اسلاموفوبیا کا مقدمہ لڑا، عمران خان پاکستان کے عوام کی آواز بنا، امپورٹڈ، کٹھ پتلی کو گرا دینا ہے، نئے الیکشن کی تیاری کرو، عمران خان امت مسلمہ کا مقدمہ لڑ رہا ہے، کبھی بھی غلامی نہیں کریں گے۔
پرویز خٹک
سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین نے کپتان سے ٹکر لے لی، اب یہی پیغام ہے کہ گھبرانا نہیں، عمران خان کو پشاورآمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، شاندار جلسے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، میرے دل میں بہت سارے راز ہیں، کیا میں بتادوں؟ نواز شریف کو جب نکالا تو کہتا ہے کیوں نکالا، عمران خان کہتا ہے بتاتا ہوں کیوں نکالا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب عمران خان نے امریکا کو ابسولیٹلی ناٹ کہا نومبر کے ماہ سے سازش شروع ہوئی، ہمارے غدار ان سے مل گئے، ڈیزل بھائی کیا امریکا کی حکومت یہودیوں کی نہیں ہے؟ مولانا تم امریکا کے غلام بن گئے ہو، غدار سیاسی پارٹیاں جنوری سے فروری تک امریکیوں کو سلام کرتے رہے اور سازش میں شامل ہوگئے، امریکا کہتا ہے کچھ نہیں کیا، پھر ہمارے بیس اراکین اسمبلی غدار کیسے ہوگئے؟ ہم ان کی غلامی نہیں مقابلہ کریں گے، مارچ کے مہینے میں امریکا میں پاکستانی سفیر کو بلا کر مراسلہ دیا گیا، مراسلے میں کہا گیا اگرعمران خان کامیاب ہوگئے تو بہت برا ہوگا، کیا ہم تمہارے چپڑاسی ہیں، جاؤ اپنا کام کرو۔
ان کا کہنا تھا کہ تمہیں امریکا لایا کیا تمہارا ماما لگتا ہے، امریکا مفت میں نہیں لائے گا، لگتا ہے تم نے پاکستان کا سودا کر لیا ہے، ہم ان کو پاکستان نہیں بیچنے دیں گے، مخالفین کہتے ہیں امریکا سپر پاور، عمران خان اللہ کو سپرپاور کہتا ہے، کہتے تھے عمران خان استعفیٰ دے کر الیکشن میں مقابلہ کرو، عمران خان عوام کی ضد بن چکے ہیں، عمران خان کو اقتدارمیں لائیں گے، یہ لڑائی عمران خان نہیں پاکستان کی خود مختاری کی جنگ ہے، ہم نے عمران خان کو اقتدارمیں لانا ہے، یہ کہتے ہیں بیگرز کانٹ بھی چوزر، میں کہتا ہوں کس نے ملک کو بھکاری بنایا، ملک کو بھکاری اور خود ارب پتی بن گئے۔
شاہ محمود قریشی
سابق وزیر خارجہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ عمران خان کے خوف کی وجہ سے یہ سب اکٹھے ہوگئے، سیدعلی گیلانی کو اعزازعمران خان نے دیا، عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا یہ سب چور اکٹھے ہوجائیں گے، مولانا اور بلاول میں کیا نظریہ ملتا ہے؟ ان کا نظریہ نہیں صرف مفادات ملتے ہیں، کہتا ہے کشمیریوں کا دفاع کروں گا، کشمیریوں کے قاتل کو تم رائے ونڈ بلا کر چوریاں کھلاتے ہو، کشمیریوں کے قاتل کو تم ساڑھیاں دیتے ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیدعلی گیلانی کی خواہش تھی مرجاؤں تو لاش پاکستان کے پرچم میں لیپٹنا، سید علی گیلانی کی نمازہ جنازہ ادا نہ کرنے دی گئی، نوازشریف سید علی گیلانی کے لیے نہیں بولے، پاکستان نے سید علی گیلانی کو اعزاز دیا، پہلا امتحان پشاور کامیاب ہوگیا، شہبازشریف کو سب سے پہلے نریندرمودی نے مبارکباد دی، نریندرمودی کا ان سے پیار ہے یا کاروبار ہے؟۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام غریب اور دو خاندان امیر ہوگئے، پاکستان کا خزانہ خالی، شریف، زرداری خاندان کی تجوریاں بھر گئیں، یہ بیوپاری ہیں قوم کے مفادات کا سودا کرنے آئے ہیں، کیا پاکستان کا سودا کرنے دوگے؟ کیا امریکا، زرداری، شریفوں کے سامنے جھک جاؤگے؟ ساڑھے تین سال کہتے رہے عمران خان الیکشن کراؤ، نئے پاکستان کے لیے عمران خان کو دوتہائی اکثریت دینی ہے، اب عمران کہتا ہے الیکشن کراتا ہوں اور چھپ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مراسلہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا، مخالفین کہتے ہیں جعلی ہے، چیف جسٹس صاحب کمیشن بنادیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔
قبل ازیں پشاور میں حکومت جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا پہلا جلسہ ہوا، شہید بے نظیر گراؤنڈ پر کارکنان کی بڑی تعداد میں آمد، جلسے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، وزیر اعلیٰ خیبرپختو نخوا سمیت صوبائی و مرکزی قائدین نے خطاب کیا، جلسہ گاہ میں داخل ہونے کے لیے تین گیٹ بنائے گئے، جن میں ایک وی آئی پیز، ایک گیٹ سے خواتین جبکہ ایک کارکنان کے لیے رکھا گیا تھا۔
پنڈال میں کارکنان کا لہو گرمانے کے لیے ڈی جے بٹ نے پشتو ترانے بھی تیار کیے ، جلسہ گاہ کی سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جامہ تلاشی کے بعد کارکنان کو پنڈال کی طرف چھوڑا گیا۔
تحریک انصاف کا کراچی باغ جناح گراؤنڈ میں 16 اپریل کو جلسے کا اعلان
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کا کراچی باغ جناح گراؤنڈ میں 16 اپریل کو جلسے کا اعلان، پی ٹی آئی نے متعلقہ اداروں سے اجازت حاصل کرلی۔
صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار کا کہنا تھا کہ اجازت کیلئے درخواست ڈی سی ایسٹ، کمشنر کراچی، آئی جی سندھ، اے آئی جی کراچی، سیکریٹری داخلہ اور مزار قائد کی انتظامیہ کو بھیجی گئی۔
درخواست پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار کی طرف سے دی گئی۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق چئیرمن پی ٹی آئی عمران خان کراچی میں 16 اپریل کو باغ جناح جلسے سے خطاب کریں گے، کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد جلسے میں شرکت کیلئے پہنچے گی، پی ٹی آئی نے سکیورٹی اداروں سے شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سخت اقدامات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
بلال غفار کا کہنا تھا کہ شہریوں کے مال و جان کی ذمہ داری کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں جائیں۔
ادھر تحریک انصاف نے 21 اپریل کو مینار پاکستان پر جلسہ کی اجازت کے لئے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دے دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کو تحریک انصاف لاہور کے صدر امتیاز شیخ کی جانب سے درخواست دی گئی۔
درخواست کے متن کے مطابق اکیس اپریل کو مینار پاکستان پر جلسہ ہو گا، جلسے سے عمران خان خطاب کریں گے، جلسے کی اجازت دی جائے۔