اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سازش کے ذریعے ایک امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کی گئی، اقتدار جانے کے بعد آج پشاور میں پہلا جلسہ ہو گا، ملک میں فوری انتخابات کرائیں جائیں۔
سابق وزیراعظم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پشاور کے لوگوں آج آپ کے پاس آرہا ہوں، سازش کے ذریعے ایک امپورٹڈ حکومت ہم پر مسلط کی گئی، سازش کے ذریعے حکومت ہٹانے کے بعد یہ پہلا جلسہ ہو گا، پشاور جلسہ میں آپ سے یہ ساری باتیں کروں گا۔
عمران خان کا پشاور جلسہ کے لیے ویڈیو پیغام#امپورٹڈ_حکومت_نامنظور pic.twitter.com/XOU2P53i4Y
— PTI (@PTIofficial) April 12, 2022
عمران خان نے مزید کہا کہ اپنی آزادی اور جمہوریت کی حفاظت قوم کرتی ہے، جمہوریت کی حفاظت کوئی فوج یا باہر کی قوت نہیں کرسکتی، پاکستان میں فوری انتخابات کروائیں جائیں۔
دوسری جانب عمران خان نے لاہور میں 24 اپریل کو جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں جلسے کی تاریخ کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما شفقت محمود کا کہنا تھا کہ چوروں لٹیروں کاٹولہ اکٹھا ہوگیا، 24 اپریل کو مینار پاکستان میں جلسہ ہوگا، آج پشاور، 16 اپریل کو مزار قائد کراچی میں جلسہ ہے، پی ٹی آئی ممبران نے ایک دوسرے سے سبقت لیکر قومی اسمبلی میں استعفے دیے، ملک سے انقلابی فضا ختم نہیں ہوگی، ان چوروں، لٹیروں کیساتھ قومی اسمبلی میں نہ بیٹھنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کسی سے کوئی جھگڑا کیا نہ ہی کسی کے خلاف تھے، ہم ایک آزاد خودمختار ملک ہیں، ایک منتخب حکومت اور وزیراعظم کو ہٹانے پر ملک میں انقلابی فضا پیداہوگئی، ہفتے کی رات ایک کال پر ملک بھر میں عوام کا ایک سمندر نظرآیا۔