کراچی:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سازش کے تحت میر جعفر کو ہم پر مسلط کر دیا گیا، 4 ماہ پہلے امریکی سفارتکاروں نے ہمارے لوگوں سے ملنا شروع کر دیا تھا، دھمکی دی گئی تھی کہ اگر عدم اعتماد کامیاب نہ ہوئی تو پاکستان کو نقصان ہوگا، اس سے شرمناک بات کوئی نہیں ہوسکتی، ہم دوستی چاہتے ہیں، غلامی نہیں کرسکتے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ کراچی والوں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، کراچی کے باشعور شہریوں سے بڑی خاص باتیں کرنے آیا ہوں، کراچی کے لوگوں مسئلہ آپ کے بچوں کے مستقبل کا ہے، مجھے بڑی خوشی ہے آج پاکستان کے جھنڈے دیکھ رہا ہوں، یہ تحریک انصاف نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میر جعفر ایک غدار تھا جس نے انگریزوں کے ساتھ مل کر غداری کی تھی، غداری کے بعد انگریزوں نے بنگال پر ٹیکس لگائے اور قحط پڑگیا تھا، پاکستان میں بھی ایک میر جعفر کو سازش کے تحت مسلط کر دیا گیا ہے، سازش ہمارے ملک کے خلاف ہوئی، یہ سازش تھی یا مداخلت تھی؟، ہاتھ کھڑے کر کے مجھے بتائیں یہ مداخلت تھی یا سازش تھی، ایک بہت بڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کے خلاف سازش ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کہا گیا میری جان کو خطرہ ہے، میری جان اتنی ضروری نہیں جتنی ملک کو آزادی کی ضرورت ہے، یہ سازش پاکستان کو غلام رکھنے کی ہوئی، قوم کو بتانا چاہتا کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں، اینٹی امریکا، اینٹی یورپ اور کسی قوم کے خلاف نہیں ہوں، میرے لیڈر پوری دنیا کے لیے رحمت بن کر آئے تھے، اوورسیز پاکستانیوں کے پیسوں سے ملک چلتا ہے، دوستی سب سے چاہتا ہوں لیکن غلامی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کا اتنا رش ہے یہ گراؤنڈ بہت چھوٹی پڑگئی ہے، ہم نے ڈیزل کی قیمتیں نیچے اور یہ حکومت بڑھانے والی ہے، چار ماہ پہلے امریکی سفارت کاروں نے ہمارے لوگوں سے ملنا شروع کردیا تھا، کئی صحافیوں نے بھی امریکی سفارت کاروں سے ملاقاتیں کی تھیں، امریکا میں ڈونلڈ لو نے پاکستانی سفیر کو دھمکی دی، دھمکی دی گئی اگرعدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو پاکستان کو معاف کردیا جائے گا، اس سے شرمناک دھمکی کوئی نہیں ہوسکتی۔
عمران خان نے کہا کہ معصومانہ سوال یہ ہے وزیراعظم میں اور وہ دھمکی کس کو دے رہا تھا، ایکدم ہمارے 20 ممبران جیبوں میں 25 کروڑ ڈال کر کہتے ہیں ضمیر جاگ گئے، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر نے کہا مراسلے میں عدم اعتماد کا واضح لکھا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے بڑی تکلیف ہوئی، سپریم کورٹ کا فیصلہ ایسا ہوتا ہے کہ ہمارے ہاتھ باندھ دیئے جاتے ہیں، رات کے بارہ بجے عدالتیں کھل گئی؟ پوچھنا چاہتا ہوں میں کیا جرم کر رہا تھا جو رات کو عدالتیں کھول دیں، میں نے آزاد عدلیہ کے لیے جیل کاٹی، آج تک ملک میں کوئی قانون نہیں توڑا، کبھی قوم کو کرکٹ کی گراؤنڈ میں شرمندہ نہیں کرایا تھا، میرا کبھی نام میچ فکسنگ میں نہیں آیا تھا، واحد سیاست دان ہوں مجھے سپریم کورٹ نے صادق اور امین کہا، عدم اعتماد کی تحریک سے پہلے میچ فکس ہونے کا پتا چل گیا تھا، رات کے بارہ بجے عدالتیں کھولیں، ساری زندگی میرے دل میں بات رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے دو سوال پوچھتا ہوں، کیا سپریم کورٹ کو مراسلے کی انویسٹی گیشن نہیں کرنی چاہیے تھی، ان کو پتا تھا عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو میر جعفرآئے گا اچکن سلوا کر بیٹھا تھا۔
عدلیہ سے میرا دوسرا سوال ہے، محترم ججز جب کھلی منڈی میں سیاست دان بک رہے تھے کیا آپ کو سوموٹو نہیں لینا چاہیے تھا؟ کیا ہمارا آئین منڈی لگانے کی اجازت دیتا ہے؟ بیس کروڑ میں ضمیر بیچنے کی کیا آئین اجازت دیتا ہے؟۔
سابق وزیراعظم کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیری بلاسم جوتے پالش کرنے کا ایکسپرٹ ہے، میر جعفر کو اقتدار سنبھالتے ہی ڈومور کا حکم ملا، جب وزیراعظم تھا تو صدر ٹرمپ کو جواب دیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، امریکا دورے میں جوعزت مجھے ملی شائد ہی کسی کو ملی ہوگی، میں امریکی، یورپی یونین کو اچھی طرح جانتا ہوں، جب اپنے ملک کا دفاع کرتے ہیں تو وہ پریشر ضرور ڈالتے ہیں لیکن عزت کرتے ہیں، جب آپ بوٹ پالش کرتے ہیں تو پھرعزت نہیں اور دباتے ہیں، آپ نے ان ضمیر فروشوں کو کبھی معاف نہیں کرنا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا میر جعفر ہرجگہ سوٹ پہن کر کہتا ہے میں بھی آپ جیسا ہوں، عمران خان کے امپورٹڈ حکومت نا منظور، نا مظور کے نعرے پوری دنیا میں امریکی سازش کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، اگر یہ سازش کامیاب ہوجاتی ہیں تو کوئی بھی وزیراعظم امریکا کی دھمکی کے سامنے کھڑا نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ کل وزیرستان میں ہمارے 8 جوان شہید ہوئے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج نے بے شمارقربانیاں دیں، مشرف نے کتاب میں لکھا امریکا نے کہا اگرساتھ نہ دیا تو بمباری کریں گے، مشرف نے ایک دھمکی پر اربوں ڈالر کا پاکستان کا نقصان کرا دیا، پاکستان میں 400 ڈرون حملے ہوئے، مجھ سے انٹرویو میں پوچھا گیا کیا آپ امریکا کو ایئربیس دیں گے تو تب میں نے ’ابسولیٹلی ناٹ‘ کہا۔
عمران خان نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم ملک کے باپ کی جگہ ہوتا ہے، اپنے لوگوں کو کسی اور ملک کے لیے قربان نہیں کرسکتا، میں چیری بلاسم بوٹ پالش نہیں ہوں، میں اس ملک کا میر جعفر نہیں ہوں جو باہر کی قوتوں سے مل کر الیکٹڈ حکومت گرا دے، ہمارے پاس چار حکومتیں تھیں؟ کیا میں انہیں پیسے دے کر ضمیر نہیں خرید سکتا تھا، میرے اندر خوف خدا ہے اللہ کو جواب دینا ہے، اپنی عوام کو کیا جواب دیتا کہ حکومت بچانے کے لیے لوگوں کے ضمیرخریدے تھے، کبھی اپنے ضمیر کا سودا نہ کرنا، لوٹے، ضمیر فروش پبلک میں نہیں جاسکیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میر جعفر کی حکومت کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مشرف نے امریکی جنگ میں شرکت کے لیے گھٹنے ٹیکے، کنڈولیزا رائس نے کتاب میں لکھا مشرف اور بے نظیر کو اکٹھا کیا، مشرف نے تب بڑے ڈاکو نوازشریف، زرداری کو این آر او دیا، دس سال تک نواز، زرداری نے ملک لوٹا، میری حکومت میں سارا وقت انہوں نے این آر او لینے کے لیے بلیک میل کیا، مجھے فخر ہے اللہ سے وعدہ کیا تھا کبھی قوم سے غداری نہیں کرونگا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے نوکروں کے نام پر 16 ارب رکھے ہوئے تھے، ایف آئی اے، نیب میں 40 ارب کی کرپشن کے کیسز ہیں، شہباز شریف اگر مغرب میں ہوتا تو مقصود چپڑاسی بھی ساتھ نہ رکھ سکتا تھا، اس سے شرمناک چیز کیا ہوسکتی ہے ضمانت پر رہا ہونے والے شخص کو وزیراعظم بنا دیا گیا، اس کا بیٹا چیف منسٹر پنجاب بن گیا ہے، قوم سوچے اس ملک کے ساتھ کیا ہورہا ہے، چوروں کو اس لیے ملک کا سربراہ بناتے ہیں یہ ہرغلط کام کے لیے تیار ہو جاتے ہیں، شہباز شریف تم غلامی کرو گے یہ قوم غلامی نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بڑا ڈاکو باہر اور چھوٹا جیل وہ قومیں تباہ ہوجاتی ہیں، پاکستانیوں سارے چور واپس آگئے ہیں، ساری سازش کا ماسٹر مائنڈ لندن میں بیٹھا ہوا تھا، پہلے یہ جھوٹ بول کر سعودی عرب بھاگ گیا تھا، اب وہ پاکستان آنے کی تیاری کر رہا ہے، ساری قوم دیکھ رہی ہے ہمارا انصاف کا نظام ان طاقت ور ڈاکوؤں کے خلاف کھڑا ہوگا یا نہیں، میرے پاکستانیوں یہ وقت ہے اپنے مستقبل کے لیے باہر نکلنا ہے، اگر آپ نے یہ سازش قبول کرلی تو بچے معاف نہیں کریں گے، جو قوم کرپشن کو تسلیم کر لے تو وہ قوم نہیں بچتی، ہمارے لیے یہ فیصلہ کن گھڑی ہے، میری جان سے زیادہ پاکستان کو خطرہ ہے، قوم کو کہتا ہوں اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینا، امریکا کو کہا امن میں ساتھ دینگے لیکن جنگ میں ساتھ نہیں، روس سے کہا ہمیں تیل اور گندم چاہیے، روس ہمیں گندم، تیل 30 فیصد کم قیمت پر دے رہا تھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے جنون، شعور کو سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے سامنے دو راستے ہیں، ایک راستہ اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے، دوسرا راستہ، ہم امریکا سے دوستی کر لیں گے لیکن غلامی نہیں کریں گے، قرآن میں اللہ نے امر بالمعروف کا حکم دیا، اچھائی کا ساتھ اور بدی کے خلاف جہاد کرنا ہے، اللہ نے کوئی تیسرا راستہ نہیں دیا، آپ نیوٹرل نہیں ہوسکتے، اللہ کا حکم ہے، اللہ کا حکم ہے چوروں، ڈاکوؤں کے خلاف جہاد کرو، اللہ کا حکم ہے آپ یہ نہیں کہہ سکتے تیتر اور بیٹر ہوں، مسلم لیگ، ایم کیو ایم سمیت تمام پارٹیوں سے کہتا ہوں رجیم چینج کی سازش کی گئی، تحقیقات کرا لیں۔
عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنا دیا جائے تاکہ سازش کا پتا چلے، نیشنل سکیورٹی کمیٹی میں میر جعفر نے تو نہیں آنا تھا باقی اراکین اسمبلی تو آکر دیکھ لیتے، سب کو کہتا ہوں سب مل کر کہیں ہمیں ملک میں الیکشن چاہیے، یہ ملک جمہوریت پسند ملک ہے، اگر لوگ میر جعفر کو پسند کرتے ہیں تو الیکشن کرا دو، یہ کبھی الیکشن نہیں کرائے گا، یہ پہلے ہر قسم کی انتقامی کارروائی کریں گے، یہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کو میچ سے باہر کرانے کی کوشش کرے گا، میر جعفر تمہاری اور پیپلزپارٹی، تحریک انصاف تینوں جماعتوں کا الیکشن کمیشن میں اکٹھا کیس سنا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شریف مافیا کی ڈاکٹرائن بتا دیتا ہوں ہر جگہ اپنے امپائر کھڑے کریں گے، یہ ایف آئی اے، نیب میں ہمارے خلاف جھوٹے کیسز بنائیں گے، یہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں دوبارہ آنے کی کوشش کریں گے، انہوں نے ہمارے سوشل میڈیا کے نوجوانوں کو پکڑا، سن لو اگر ہمیں دیوار سے لگایا تو آپ لوگوں کو نقصان پہنچے گا، کارکنوں پرامن رہنا ہے یہ ہماری فوج، ہماری پولیس ہے، ہماری تحریک پرامن رہے گی، خبردار کرنا چاہتا ہوں کوئی ایسی چیز نہ کرنا کہ ہماری تحریک تبدیل ہوجائے، قوم کا باہر نکلنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، بیرون ملک پاکستانیوں کے جذبے کو سلام کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کو مینار پاکستان میں جلسہ ہوگا، مینار پاکستان میں ہمارا ایک ہی پیغام ہوگا کبھی بھی امپورٹڈ حکومت قبول نہیں کریں گے، ساری قوم الیکشن کے لیے تیار، ہم ملک میں الیکشن چاہتے ہیں، ایک ہی پیغام ہے ’’امپورٹڈ حکومت نامنظور‘‘ الیکشن کراؤ، آپ نے الیکشن میں ضمیر فروش لوٹوں کو سبق سکھانا ہے، علی زیدی اور ان کی ساری ٹیم نے زبردست جلسہ آرگنائز کیا، فیملیز، بچوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج مجھے سیاست میں 26 سال ہوگئے، مجھے نظر آرہا ہے ماشااللہ پہلی دفعہ ہم ایک قوم بن رہے ہیں۔
عمران خان کو واپس نہ لائیں تو جیلیں بھر دیں گے:شیخ رشید
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کراچی تیرے جذبے، جوش، جرات، غیرت کوسلام، تیری عمران خان سے وفاداری کو سلام پیش کرتا ہوں، کراچی والوں نے فاطمہ جناح کے جلسے کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے، لندن سے بیٹھ کر فوج کو گالیاں دیتے ہیں، باپ اور بیٹے پر فردم جرم لگائی جارہی تھی، اسی روز چور، ڈاکو کو ملک کا وزیراعظم بنا دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو قومیں عمران جیسا غیرت مند لیڈر پیدا کرتی ہیں، اس کے ساتھ عالمی قوتیں صدام، قذافی جیسا سلوک کرتی ہیں، عمران خان کو ایمرجنسی لگانے کا کہا تھا۔
شیخ رشید کی تقریر کے دوران ڈیزل ڈیزل کے نعرے لگ گئے جبکہ سابق وزیر داخلہ مہینہ بھول گئے کہ کونسا مہینہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 30 مئی سے پہلے عمران خان چوروں کی حکومت کو ختم کرے گا، ایم کیو ایم والوں آصف زرداری نواب شاہ سے کونسلر نہیں بن سکا، یہ وہی ڈاکو آصف زرداری جس نے بے نظیر کی جعلی دستاویز لاکر قبضہ کیا، پاک فوج ہم تمہارے ساتھ ہیں، دیکھو پاکستان کا جھنڈا، عمران خان کو واپس لانا ہوگا، اگر عمران خان کو واپس نہ لائیں تو جیلیں بھر دیں گے، میری زندگی میں یہ سب سے مشکل وقت تھا، میں سیاست سے ریٹائر ہونے جا رہا تھا لیکن اس وقت عمران کو نہیں چھوڑ سکتا تھا، جو اس وقت عمران کو چھوڑے گا وہ نسلی نہیں۔
عمران خان اللہ کے سوا کبھی نہیں جھکا:عمران اسماعیل
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ 1993 میں عمران خان کے ساتھ سفر شروع کیا تھا، عمران خان اللہ کے سوا کبھی نہیں جھکا، اسی چیز کی قیمت آج عمران خان ادا کر رہا ہے، زمینی خداؤں کے سامنے عمران جھکا نہیں، یہ جنگ عمران خان کرسی کے لیے نہیں پاکستان کے لیے لڑ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ایک شاندار خارجہ پالیسی بنائی، عمران خان دھمکی آمیز خط کو دنیا کے سامنے لایا، کسی کو ٹیلی فون آتا ہے تو امریکیوں کے آگے لیٹ جاتے تھے، عمران خان نے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کیا، شیخ رشید نے 31 مئی حکومت کی رخصتی کی لمبی تاریخ دی ہے یہ چند دنوں کے مہمان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب پورا کراچی آپ کی آواز کے لیے باہر نکلنے کو تیار ہے، خان صاحب آدھے گھنٹے میں پہیہ جام کر سکتے ہیں، ہم سڑکوں پر نکل کر ان کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیں گے۔
ساڑھے تین چوہے ہیں:علی زیدی
رہنما تحریک انصاف علی زیدی کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب تک یہ جنون ہے کوئی بیرونی طاقت ملک پر قبضہ نہیں کر سکتی، خود دار زندگی کیسے گزارنی ہے عمران سے سیکھا ہے، عمران خان جھکا نہ کبھی قوم کو جھکنے دے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کبھی نہیں جھکے گا، ساڑھے تین چوہے ہیں، بڑے سائز کے چوہے کا نام ڈیزل، چیری بلاسم وزیراعظم بن گیا ہے، ملک کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری، سندھ کے لوگ آصف زرداری کو کبھی معاف نہیں کریں گے، اگلی دفعہ سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی، عمران خان بہت جلد پھرعوام کی طاقت سے وزیراعظم بنیں گے۔
ایک باپ کے طور پر عمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں:اسد عمر
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ دو باتوں پرعمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، کراچی کے لیے جو بھی مانگا عمران نے انکار نہیں کیا، عمران خان واحد لیڈر جو کسی ایک شہر نہیں ہر پاکستانی کا لیڈر ہے، کراچی کو 625 ارب کا عمران خان نے پیکج دیا، پاکستان میں حرام کی دولت سے حکومتیں بدلی جارہی ہیں، راتوں رات وفاداریاں بدلنا، اتحاد ٹوٹنا شروع ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب میں سوچ رہا تھا میرے بچے کیا کہیں گے، ایک باپ کے طور پر عمران خان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، عمران خان نے قوم کو بتا دیا جب خوددار لیڈر کھڑا ہوتا ہے تو قوم کیسے کھڑی ہوتی ہے، ایک نظریہ کہتا ہے ہم بھکاری قوم ہیں، دوسرا نظریہ کہتا ہے ہم خوددار اور غلامی برداشت نہیں کریں گے، قائداعظم کا خواب انشااللہ عمران خان پورا کرے گا۔
سازش کے ذریعے امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا گیا: شاہ محمود قریشی
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج آپ نے ثابت کر دیا کراچی کے حوصلے بلند ہیں، جب کراچی جاگتا ہے تو پورا پاکستان جاگ جاتا ہے، گزشتہ رمضان اسرائیلی فوج نے مسلمانوں پر ظلم کیا تھا، عمران خان نے مجھے کہا اقوام متحدہ میں آواز بلند کرو، چینی، گھی، بجلی کی قیمت بڑھا دی گئی، کراچی میں ایم کیو ایم کو اقتدار کا موقع ملا، ایم کیو ایم والے ہمارے حلیف بھی رہے، پیپلز پارٹی نے 14 سال میں کراچی کے ساتھ انصاف کیا؟ کیا پیپلزپارٹی نے صاف پانی اور ٹرانسپورٹ دی؟ کیا کراچی والوں کو کرپشن سے چھٹکارا ملا؟۔
انہوں نے کہا کہ ابھی کابینہ تشکیل نہیں دی اور بجلی، گھی، چینی کی قیمت بڑھا دی، کراچی والوں کا ساتھ پی ٹی آئی نے دیا، ایم کیو ایم والے پیپلزپارٹی کی گود میں جا کر بیٹھ گئے، سندھ میں ہمیشہ سندھ کارڈ کھیلا جاتا ہے، ہم فرقہ واریت دفن کرنے اور پاکستانیت کو فروغ دینے نکلے ہیں، فیصلہ کر لو اب سندھ کارڈ نہیں چلے گا، اب پاکستان کارڈ چلے گا، ہم نے ملک کو یکجا کرنا ہے، سب سے بڑی عوام کی کچہری ہے، بلاول، مریم مراسلے کو جھوٹا کہتے ہیں، کوئی شک ہے تو کمیشن بنا دو، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، سازش کے ذریعے امپورٹڈ حکومت کو مسلط کیا گی
حکومت سے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں کا سلسلہ جاری ہے، پشاور کے بعد شہر قائد میں میدان لگا، انتظامیہ نے جلسہ رات بارہ بجے تک ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن دیا گیا کہ مزارِ قائد کے سائے تلے بانیانِ پاکستان کی اولادیں آج پھر ایک بار انگریزوں کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیے عمران خان کی قیادت میں اس تاریخی جدوجہد کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تھی جس کے بعد ان کی وزارت عظمیٰ کا دور اپنے اختتام کو پہنچا اور ان کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔
پی ٹی آئی کا جلسہ: لائٹنگ اسٹینڈ گرگیا
شہر قائد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں لائٹنگ اسٹینڈ گرنے سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔
جلسے میں لائٹنگ اسٹینڈ اس وقت گرا جب لوگ کافی تعداد میں اس پر موجود تھے۔