اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے ڈی سیل کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کو موصول ہونیوالے استعفے ہاتھ سے لکھے ہوئے نہیں جو رولز کے خلاف ہیں، اسپیکر کو موصول ہونیوالے استعفوں کی فرداً فرداً تصدیق نہیں ہوئی۔ جس پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ کو ہدایت کرتا ہوں استعفے ڈی سیل کر کے مجھے دیں تاکہ قانون اور آئین کے مطابق دیکھ سکوں۔
قبل ازیں راجہ پرویز اشرف نے پینل آف چیئر ایاز صادق سے سپیکر قومی اسمبلی کا حلف لیا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اپنے قائد آصف زرداری، شہدا کے وارث بلاول بھٹو کا ممنون ہوں، وزیراعظم، خالد مگسی، اختر مینگل سمیت ایک ایک رکن کا مشکور ہوں، مجھے 22 ویں اسپیکر کے طور پر بلا مقابلہ منتخب کیا گیا۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلا موقع ہے ایک سابق وزیراعظم کو اسپیکر کا عہدہ دیا گیا، اس ایوان کا خادم اور وفادار رہوں گا، شہید ذوالفقار بھٹو بھی اس ایوان کے بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہوچکے ہیں، مسائل کا حل نعرے کی سیاست میں نہیں، مشاورت اور باہمی اتفاق میں ہے، یہ ایوان حق اظہار رائے کا نگہبان اور محافظ ہے۔