حکومت نے میڈیا ڈویلپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان کر دیا

Published On 19 April,2022 06:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے میڈیا ڈویلپمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیکا آرڈیننس پر بھی نظر ثانی ہوگی۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا حکومت کے احتساب میں اہم کردار ادا کرتا ہے، قانون اپنا راستہ بنائے گا کسی بے گناہ کو جیل میں نہیں ڈالیں گے، اپوزیشن رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالا گیا تھا، جس نے غلط کام کیے ان کو جیلوں میں ڈالا جائے گا، زیر التوا جرنلسٹ پروٹیکشن بل جلد قابل عمل بنانے کی کوشش کرینگے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کے پاس آئینی عہدہ ہے، صدر مملکت عہدے کو سیاست کیلئے استعمال نہ کریں، صدر مملکت کو اپنی آئینی ذمہ داریوں کا احساس نہیں ہو رہا، صدر حلف کی پاسداری نہیں کرسکتے تو مستعفی ہو جائیں، پنجاب میں آئینی عہدے کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، گورنر کو آئینی طریقے سے عہدے سے ہٹایا گیا، انہیں گھر چلے جانا چاہیے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ میں نے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کو ختم کر دیا ہے، اداروں کے خلاف روبوٹ اکاؤنٹس کے ذریعے مہم چلائی جا رہی ہے، سوشل میڈیا پر بوٹ ٹویٹس کی چھان بین کی جا رہی ہے، کسی صحافی کے گھر کا گھیراؤ ہوا تو وزارت اطلاعات حفاظت کرے گی۔