اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اب آپ کو گھبراہٹ ہوگئی، عوام کی ختم ہوگی، عمران خان اتحادی حکومت سے خوفزدہ ہیں، اسی رفتار سے کام کروں گا جس کی مجھے عادت ہے۔
وزیراعظم نے پشاور موڑ تا نیواسلام آباد ایئرپورٹ میٹروبس سروس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے چار سال میں میٹرو بس سروس کا حلیہ بگاڑ دیا، انہیں غریب کا احساس ہوتا تو منصوبہ چار گھنٹے بھی تاخیر کا شکار نہ ہوتا، اورنج لائن منصوبے میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی ملکی معیشت کیلئے بڑا چیلنج ہے، سابق حکومت کو غریب سے کوئی غرض نہیں تھی، بدقسمتی سے ملکی اخراجات قرضوں پر چل رہے ہیں، اسلام آباد کے شہریوں کو یہ تحفہ نواز شریف نے 2017 میں دیا، اس منصوبے کو 2018 میں آپریشنل ہونا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بدلنے پر یہ منصوبہ بھی دیگر کی طرح تاخیر کا شکارہوا، منصوبے کا اصل تخمینہ 16 ارب تھا، منصوبےمیں تعطل کی کوئی وجہ نہیں تھی، منصوبے کیلئے فنڈز موجود تھے،کمی تھی تو کام کرنے کی، ان کو عوام کا درد ہوتا تو یہ منصوبہ 4 سال تو کیا 4 گھنٹے بھی تاخیر کا شکار نہ ہوتا، بدقسمتی سے ملکی اخراجات قرضوں سے چلا رہے ہیں، سابق وزیراعظم کے پاس ہیلی کاپٹر، وزرا کے پاس بلٹ پروف گاڑیاں تھیں، سابق حکمرانوں کو عوام سے کوئی غرض نہیں تھی، ان کو کیا غرض تھی کہ غریب کے بچے نے اسکول جانا ہے۔