وزیراعظم کو قطری امیر کا ٹیلیفون، شہباز شریف کی دورہ پاکستان کی دعوت

Published On 18 April,2022 09:24 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے ٹیلیفون کیا، شہباز شریف نے دورہ پاکستان کی دعوت دے دی، شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی سفیر نے بھی ملاقات کی اور وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ٹیلیفونک گفتگو میں وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر پاکستان کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار اور امیرِ قطر کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے امیرِ قطر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔

شہباز شریف نے افغان امن عمل میں قطر کے کردار کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک افغان عوام کے لیے امن ، استحکام اور انسانی امداد کے لیے مل کر کام کرتے رہیں۔

وزیر اعظم نے پاکستان اور قطر کے مابین معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، مواصلات، فوڈ سیکیورٹی اور دیگر اہم شعبے پاکستانی افرادی قوت کی فلاح و بہبود کے لیے قطر کے اقدامات کو بھی سراہا۔
اس سے قبل وزیراعظم سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات کی، سعودی سفیر نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور سعودی عرب کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کے ساتھ اپنی حالیہ بات چیت کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

شہباز شریف نے سعودی سفیر سے کہا کہ وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کی نیک تمنائیں پہنچائیں جبکہ وزیراعظم نے سعودی عرب میں اصلاحات متعارف کرانے کے سعودی قیادت کے وژن کو سراہا۔

وزیراعظم نے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بڑھانے، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، قریبی تعاون اور مشترکہ دلچسپی کے تمام معاملات پر یکساں خیالات پر استوار ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کے نئے مواقع کے ذریعے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کے مزید فروغ کیلئے اپنی حکومت کے عزم پر زور دیا۔ 

 اب آپ کو گھبراہٹ ہوگی، عوام کی ختم ہوگئی، عمران اتحادی حکومت سے خوفزدہ :شہباز شریف

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اب آپ کو گھبراہٹ ہوگئی، عوام کی ختم ہوگی، عمران خان اتحادی حکومت سے خوفزدہ ہیں، اسی رفتار سے کام کروں گا جس کی مجھے عادت ہے۔

وزیراعظم نے پشاور موڑ تا نیواسلام آباد ایئرپورٹ میٹروبس سروس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے چار سال میں میٹرو بس سروس کا حلیہ بگاڑ دیا، انہیں غریب کا احساس ہوتا تو منصوبہ چار گھنٹے بھی تاخیر کا شکار نہ ہوتا، اورنج لائن منصوبے میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی ملکی معیشت کیلئے بڑا چیلنج ہے، سابق حکومت کو غریب سے کوئی غرض نہیں تھی، بدقسمتی سے ملکی اخراجات قرضوں پر چل رہے ہیں، اسلام آباد کے شہریوں کو یہ تحفہ نواز شریف نے 2017 میں دیا، اس منصوبے کو 2018 میں آپریشنل ہونا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بدلنے پر یہ منصوبہ بھی دیگر کی طرح تاخیر کا شکارہوا، منصوبے کا اصل تخمینہ 16 ارب تھا، منصوبےمیں تعطل کی کوئی وجہ نہیں تھی، منصوبے کیلئے فنڈز موجود تھے،کمی تھی تو کام کرنے کی، ان کو عوام کا درد ہوتا تو یہ منصوبہ 4 سال تو کیا 4 گھنٹے بھی تاخیر کا شکار نہ ہوتا، بدقسمتی سے ملکی اخراجات قرضوں سے چلا رہے ہیں، سابق وزیراعظم کے پاس ہیلی کاپٹر، وزرا کے پاس بلٹ پروف گاڑیاں تھیں، سابق حکمرانوں کو عوام سے کوئی غرض نہیں تھی، ان کو کیا غرض تھی کہ غریب کے بچے نے اسکول جانا ہے۔

Advertisement