وزیراعظم سے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی ملاقات، تعطل کا شکار منصوبوں سے آگاہ کیا

Published On 18 April,2022 12:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان نے ملاقات کی اور تعطل کے شکار ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور پلاننگ کمیشن کو مزید فعال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جامع منصوبہ بندی سے ٹھوس پالیسیوں کی تشکیل اور پالیسیوں کے تسلسل سے ملکی معاشی و اقتصادی ترقی یقینی بنائیں گے، وزارتیں و ڈویژن باہمی تعاون کو یقینی بنائیں۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوامی فلاحی منصوبے مزید مجرمانہ غفلت اور نظراندازی کا شکار نہیں ہوں گے، ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہے جہاں سے رکا تھا، ملک و قوم کا ایک روپیہ بھی ضائع نہیں ہونے دینگے۔