اسلام آباد: (دنیا نیوز) قاسم سوری کی درخواست پر تھانہ کوہسار میں گزشتہ رات حملے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور جان سے مارنا چاہتے تھے۔
سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے حملے کا مقدمہ درج کروا دیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا کہ گذشتہ رات دوستوں کے ساتھ سحری کے لئے کوہسار مارکیٹ گیا،وہاں پر موجود چند پی ٹی آئی مخالف لوگوں نے ہم پر حملہ کر دیا۔ درخواست میں قاسم سوری نے مزید کہا کہ حملہ آور ہمیں جان سے مارنا چاہتے تھے، سامنے آنے پر حملہ آوروں کو میں اور میرے ساتھی پہچان سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں پی ٹی آئی رہنما قاسم خان سوری پر حملہ
پولیس نے درخواست ملنے پر کارروائی شروع کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے۔ ایس ایس پی آپریشن کا کہنا تھا کہ فوٹیج میں نظر آنے والے افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد مقدمے میں دفعات کا اندراج کیا جائے گا۔