اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزارت داخلہ نے عیدالفطر پر قیدیوں کی 90 روز کی سزا معاف کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزارت داخلہ نے عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کو سزا معافی کی خوشخبری سناتے ہوئے صوبوں کو مراسلہ جاری کردیا ہے، وزارت داخلہ نے خط پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ تحریر کیا ہے کہ صدر پاکستان کے اختیارات کے تحت ملک بھر کی جیلوں کے قیدیوں کو 90 روز تک کی سزا معافی دی جائے، 90 روز کی سزا معافی کی پالیسی کا اطلاق عمر قید کے ملزمان پر بھی ہوگا۔
مراسلہ میں کہا گیا کہ سزا کا ایک تہائی حصہ مکمل کرنے والے 65 سال سے زائد مرد اور 60 سال سے زائد خاتون قیدیوں پر پالیسی کا اطلاق ہوگا، ایک تہائی سزا مکمل کرنے والے 18 سال سے کم عمر ملزمان پر بھی سزا معافی کا اطلاق ہوگا۔
مراسلہ کے مطابق ملک سے غداری، ریاست مخالف اقدامات، فرقہ واریت کے ملزمان پر سزا معافی کا اطلاق نہیں ہوگا، مالی فراڈ اور قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والے مختلف جرائم میں قید ملزمان پر بھی پالیسی کا اطلاق نہیں ہوگا، وزارت داخلہ نے فوری طور پر سزا معافی کی پالیسی پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔